میری بیٹی مریم نواز کو دھمکیاں دی جارہی ہیں نواز شریف
پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے قائد، میاں محمد نواز شریف نے جمعرات کو ٹوئٹر پر اپنی جاری کردہ ویڈیو میں کہا ہے کہ ان کی بیٹی مریم نواز کو دھمکی دی گئی ہے کہ انھیں ‘سمیش’ SMASH کر دیا جائے گا۔
مریم نواز نے اپنے والد کی ٹویٹ کے بعد ایک صارف کو جواب دیتے ہوئے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ انھیں ’صرف دھمکیاں نہیں، گندی گالیاں بھی دی گئیں۔‘
نواز شریف کی جانب سے پاکستانی وقت کے مطابق رات 8.45 پر کی گئی ٹویٹ میں انھوں نے ویڈیو نشر کی اور پیغام لکھا کہ ‘پاکستان کے جمہوری نظام اور اخلاقیات کو پاؤں تلے روندتے ہوئے آپ اس حد تک گر چکے ہیں کہ پہلے آپ نے کراچی میں چادر اور چار دیواری کو پامال کیا، رات کے وقت مریم نواز کے ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑا اور اب انھیں دھمکی دے رہے ہیں کہ اگر وه باز نہ آئیں تو انھیں SMASH کر دیا جائے گا۔’