سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ سی پیک ناصرف تجارتی معاہدہ ہے بلکہ دونوں ممالک کی ترقی کا ضامن بھی ہے۔
یہ بات انہوں نے چین کے سفیر نونگ رونگ کیساتھ ملاقات کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی بھی موجود تھے۔
چودھری برادران کی رہائشگاہ پر ہونے والی ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور کورونا وبا کی نئی لہر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر چودھری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔ چین اور پاکستان کی دوستی وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط اور گہری ہوتی جا رہی ہے۔
چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ کورونا میں چینی حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی احسن انداز میں دیکھ بھال کی ہے۔ چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ چین،پاکستان کی دوستی لازوال ہے۔ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الہٰی کی محبت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور چین ایک دوسرے کے لئے لازم وملزم ہیں۔ حکومت کوئی بھی ہو دونوں ملکوں کی عوام ایک دوسرے سے محبت کے لازوال رشتے میں بندھی ہے۔ محبت کا یہ تعلق دن بدن مضبوط ہو رہا ہے۔
چینی سفیر نے کہا کہ سندر اور فیصل آباد گارمنٹس سٹی کا قیام چودھری پرویز الہٰی کا قابل ستائش کارنامہ ہے۔