لالہ موسیٰ (محمد کامران سے ) حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع بھر میں 60سال سے زائد عمر کے افراد کو کرونا سے بچاؤ کیلئے ویکسینیشن کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا، ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے تحصیل کھاریاں اور سرائے عالمگیر کیلئے قائم ویکسینشن مراکز کا دورہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا، اسسٹنٹ کمشنرز خالد عباس، احسن ممتاز، چیف ایگزیکٹوآفیسر ہیلتھ ڈاکٹر لطیف افضل، ڈی ایچ او ڈاکٹر ذاکر علی رانا بھی انکے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ تحصیل گجرات کیلئے فیلڈ ہسپتال، سپورٹس جمنزیم، تحصیل کھاریاں کیلئے لوکل گورنمنٹ اکیڈمی لالہ موسیٰ اور تحصیل سرائے عالمگیر کیلئے ریسکیو 1122بلڈنگ میں ویکسی نیشن مراکز قائم کئے گئے ہیں جہاں تربیت یافتہ عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ویکسی نیشن کے پہلے دن 154افراد کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی تھی، دوسرے دن 48مردوں اور 20خواتین سمیت 68بزرگ افراد کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی گئی، ابتک2954ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی بھی ویکسی نیشن ہو چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں کرونا کے مشتبہ افراد کے نمونہ جات لینے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے اور یہ تعداد 80ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجموعی طور پر 80490سیمپلز میں سے 73412کی رپورٹ منفی آئی ہے، 2300نمونہ جات کی رپورٹ کا انتظار ہے، پازیٹو آنیوالے 4586میں سے 3990صحت یاب ہو چکے ہیں، 481گھروں میں قرنطینہ ہیں، 26کنفرم اور 38مشتبہ مریض عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں زیر علاج ہیں، ابتک 89افراد کرونا وبا کا شکار ہوکر جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ جلالپور جٹاں کے تین علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد جن کی عمر 60سال یا اس زائد ہے انہیں انکے نام رجسٹرڈ سم پر از خود پیغام موصول ہو جائے گا تاہم جن بزرگ افراد کے نام پر سم رجسٹرڈ نہیں وہ 1166پر شنا ختی کا رڈ نمبر میسج کر کے اپنی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے ہدایت کی ہے کہ شہری کرونا وبا سے خود کو اور اپنے خاندان کے افراد کو محفوظ رکھنے کیلئے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں تاکہ اس وبا کا پھیلاؤ روکا جاسکے