حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق کرونا وبا کی تیسری لہر میں شدت کے باعث ضلع گجرات میں ہوٹلوں، میرج ہالز کو دو ہفتے کیلئےبند کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، کاروبار ی مراکز شام پانچ بجے تک بند کر دیے جائیں گے جبکہ آئندہ ہفتے سے جمعہ سےاتوار تین دن تمام دوکانیں اور شاپنگ مالز بند رہیں گے، یہ تفصیلات ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بریفنگ کے دوران بتائیں، اےڈی سی ریونیو عامر شہزاد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلع گجرات میں کرونا پازیٹو کیسز کی تعداد میں خطرناک حدتک اضافہ ہوا ہے، وبا کی روک تھام کیلئے حکومت پنجاب نے اہم فیصلے کئے ہیں جن پر عمل درآمد کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز، پولیسسمیت تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے احکامات کے مطابق ضلع میںتمام میرج ہالز آج سے بند کر دیے گئے ہیں، ہوٹلوں میں بھی ان ڈور، آؤٹ ڈور ڈائننگ پر پابندی ہوگی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلعبھر میں تمام بازار اورکاروباری مراکز پانچ بجے تک بند کر دیے جائیں گے، آئندہ ہفتے سے یہ کاروباری مراکز جمعہ سے اتوار مکمل بند رہیںگے جبکہ تعلیمی اداروں کی 15مارچ سے بندش کے احکامات پہلے ہی جاری کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اورضلعی انتظامیہ اور وبا ء سے متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تیار ہے، ہسپتالوں میں کرونا مریضوں کے علاج معالجہ کیلئےسہولیات میں اضافہ کر دیا گیا ہے، تاہم اس مرض کے خاتمہ کیلئے شہریوں کا عملی تعاون نہایت اہم ہے، شہری کرونا وبا کی روکتھام کیلئے غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، ماسک کا استعمال خود پر لازم کر لیں، ہاتھوں کو بار بار صابن سے دھوئیں اورسماجی فاصلہ کا خیال رکھیں۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے انجمن تاجراں، میرج ہالز ایسویسی ایشن، ہوٹل مالکان سے کہا کہ شہریوںکے مفاد میں ضلعی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ضلع گجرات کے تمام شعبہ ہائےزندگی سے تعلق رکھنے والے باشعور عوام کرونا کی پہلی اور دوسری لہر کیطرح تیسری لہر کو شکست دینے کیلئے حکومت اور انتظامیہ سےبھرپور تعاون کرتے رہیں گے۔