لالہ موسیٰ (محمد کامران سے) ضلعی انتظامیہ کی ٹیموں نے تحصیل گجرات اور کھاریاں کے علاقوں میں لاک ڈاؤن احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر 5ہوٹل، ایک مارکی اور درجن سے زائد دوکانیں سیل کر دی گئیں، پانچ میرج ہالز و مارکیز پر 2لاکھ 35ہزار روپے جرمانہ عائدکر دیا گیا، دوسری طرف ضلع میں 24گھنٹوں میں 122مزید افراد میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے اور عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں میں 12نئے مریض داخل کئے گئے ہیں جبکہ تینوں مراکز پر3175افراد کی ویکسینشن کر دی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر گجرات سلمان ظفر کی قیادت میں ٹیم نے سرکلر روڈ، شادیوال روڈ، چوک پاکستان اور دیگر علاقوں میں چیکنگ کی اور شام چھ بجے کے بعد بند نہ ہونیوالی دوکانوں کو سیل کر دیا۔ ٹیم نے پابندی کے باوجود شادی کی تقریب منعقد کرنے پر کھوکھا سٹاپ جلالپور جٹاں کے قریب واقع مارکی، یونیورسٹی روڈ پر دو ہوٹل سیل کر دیے۔ دوسری طرف اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں خالد عباس کی قیادت میں ٹیم نے لاک ڈاؤن احکامات کی خلاف ورزی پر جی ٹی روڈ پر واقع معروف ہوٹل سمیت تین ہوٹلوں کو سیل کر دیا، ٹیم نے مختلف علاقوں میں متعدد دوکانیں بھی سیل کر دیں جبکہ پابندی کے باوجود شادی کی تقریبات منعقد کرنے پر پانچ میرج ہالز و مارکی مالکان پر بھاری جرمانے عائد کر دیے۔ ڈی ایچ او ڈاکٹر ذاکر علی رانا نے بتایا ہے کہ ضلع میں کرونا پازیٹو کی شرح خطرناک 12.8فیصد تک جا پہنچی ہے، ضلع میں ایکٹو کیسز کی تعداد 708ہو گئی ہے جبکہ مزید 12افراد کی منتقلی کے بعد عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں زیر علاج مریضوں کی تعداد 73ہو گئی ہے