لالہ موسیٰ(محمد کامران سے)پولیس نے اندھے قتل کی ایک اور واردات ٹریس کرلی،چند رو زقبل موضع ٹھرگلہ کے قریب فصلوں سے ملنے والی نعش کی شناخت کرلی گئی، مقتول کو اس کے دوستوں نے چند روپوں کی خاطر موت کے گھاٹ اتارا، پولیس نے مرکزی ملزم گرفتار کرلیا،تفصیلات کے مطابق چند روز قبل تھانہ صد رلالہ موسیٰ کے علاقہ ٹھرگلہ کے قریب گند م کی فصل سے نامعلوم نوجوان کی نعش برآمد ہوئی،جس کے ہاتھوں اور گلے میں رسی ڈال کرانتہائی بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔پولیس نے نعش قبضہ میں لے کر نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا۔پولیس نے موقع سے ابتدائی شواہد اکٹھے کرکے نعش کی شناخت کے لئے سوشل میڈیا پر اشتہارجاری کئے،ڈی پی او عمر سلامت نے اس اندھے قتل کی واردات کوٹریس کرنے اور سفاک قاتلوں کی جلد گرفتاری کے لئے ڈی ایس پی لالہ موسیٰ میاں افضال شاہ کی زیر نگرانی ایس ایچ اوتھانہ صدر لالہ موسیٰ اور SIطارق محمود کو خصوصی ٹاسک دیا۔ جنہوں نے انتہائی محنت اور جانفشانی سے اندھے قتل کی واردات کو چند روز کے اندر ٹریس کرلیا۔ نعش کی شناخت حمید خاں ولد محمد مجید ساکن سراب گوٹھ حال مقیم پھالیہ سے ہوئی۔ جس کے قاتلوں کو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ٹریس کرکے مرکزی ملزم صادق ولد غلام حسین ساکن پھالیہ کو گرفتار کیا۔ جس نے دوران انٹیروگیشن انکشاف کیا کہ اس نے یہ واردات ملزم قادر خاں سکنہ سراب گوٹھ کراچی کے ساتھ مل کر کی ہے۔وہ تینوں پھالیہ میں لکڑی کے آرے پر کام کرتے تھے، ہم سب اچھے دوست تھے، مقتول کے پاس 15ہزار روپے تھے،جسے ہتھیانے کے لئے میں اور قادر خاں نے حمید خاں کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔ ملزم قادر خاں نے مقتول سے کہا کہ موضع کوٹلہ سارنگ گجرات اسکی بھانجی کی منگنی پر جانا ہے۔لہذا ہم تینوں کام سے چھٹی کرکے کوٹلہ سارنگ کے لئے نکل آئے، جو موضع ٹھرگلہ کے قریب پہنچ کر ہم لوگوں نے منصوبہ کے مطابق حمید خاں کی شلوار سے نالہ نکال کر اس کے ہاتھ باندھ دئیے اور گلے میں اسی نالے سے پھندا دے کر اسے موت کے گھاٹ اتار دیا، قتل کے بعد ہم نے نعش گندم کی فصل میں پھینکی اور اس کی جیب سے 15ہزار نکال کر موقع سے فرار ہوگئے۔ ملزم کی مزید تفتیش جاری ہے جبکہ فرار ملزم قادر خان کی گرفتار ی کے لئے بھی مختلف جگہوں پر چھاپے مارے جارہے ہیں،ڈ ی پی او گجرات نے کہا ہے کہ قاتل کتنے ہی چالاک اور مکار کیوں نہ ہوں،وہ قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سفاک قاتلوں کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔