صوبائی وزیر جیل خانہ جات نے کہا ہے کہ میڈٰیا بیگم صفدر اعوان سے پوچھے کہ ایک زرداری سب پر بھاری ہے کہ نہیں، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے انھیں بتا دیا کہ ایسے کام نہیں چلے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف اس وقت وہ لیڈر بنے ہوئے ہیں جن کا نعرہ ہے کہ ‘’ نواز شریف نے فرمایا، تو جا تے میں آیا’’۔ وہ باہر بیٹھ کر نیلسن مینڈیلا اور امام خمینی بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ لیکن ان دونوں لیڈروں نے جو قربانیاں دی تھیں نواز شریف وہ کرنے کو تیار نہیں ہیں۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری نے میاں نواز شریف سے واپس آنے کا بالکل ٹھیک مطالبہ کیا ہے۔ وہ ‘’دوروں دوروں اکھیاں مارے منڈا پٹواری’’ والا کام نہ کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف خود تو لندن میں بیٹھ کر موجیں کریں اور یہاں پر پیپلز پارٹی کے کارکنان اور لیڈروں سے کہا جائے کہ ہماری کرپشن اور بددیانتی کیلئے قربانیاں دیں۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے مسلم لیگ (ن) کی لیڈرشپ پر واضح کر دیا ہے کہ شہید ہونے کیلئے مرنا پڑے گا، سینے پر تمغہ ایسے نہیں سج سکتا۔ اس کیلئے انھیں سیاسی جدوجہد اور محنت کرنا پڑے گی۔
اپوزیشن اتحاد کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کا جنازہ، قل اور برسی سب چیزیں آج ہی ہو گئی ہیں۔ ہم ان کے لانگ مارچ سے ڈرے ہوئے نہیں ہیں۔