وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی فواد چودھری نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما نواز شریف سے کہا ہے کہ وہ ہمت کرکے پاکستان آئیں، ہم ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کریں گے۔
اپنے ایک بیان میں پی ڈی ایم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ استعفے وہ مانگ رہے ہیں جن کا سسٹم میں کوئی حصہ ہی نہیں ہے۔ پیپلز پارٹی استعفوں والا کام نہیں کرے گی، اگر یہ لوگ استعفے دیں گے تو پھر دیکھیں گے۔
فواد چودھری کا کہنا تھا کہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان استعفوں پر لگے ہیں، ان کا کوئی سٹیک ہی نہیں ہے۔
الیکشن کمیشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کیا سینیٹ انتخابات کرپٹ پریکٹیسز کے بغیر ہوئے؟ جس مقصد کے لیے الیکشن کمیشن کو بنایا گیا، وہ پورا نہیں کر سکے تو استعفی دیدیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہو سکتا کہ متنازع الیکشن کمیشن کام کرے۔ اگر الیکشن کمیشن نے استعفیٰ نہیں دیا تو توہین عدالت کی پروسیجر کے لیے عدالت جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا کام شفاف الیکشن کروانا ہے۔ سینیٹ الیکشن پر تمام سیاسی جماعتوں کا اتفاق رائے ہے کہ الیکشن کمیشن ذمہ داریاں پوری نہیں کر سکا۔