فرانس پیرس سمیت 16اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاؤن، سکول کھلے رہیں گے
فرانس (حمید چوہدری سے ) یورپی ملک فرانس کے دارالحکومت پیرس اور اس کے مضافات میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا گیا۔
فرانس کے وزیرِ اعظم کاسٹیکس نے کورونا کے متاثرین میں مسلسل اضافے اور ہسپتالوں پر بڑھتے ہوئے دباؤ کی وجہ سے پیرس اور مضافات کے ساتھ ساتھ دیگر چند اضلاع میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔لاک ڈاؤن کا اطلاق جمعہ کی شب بارہ بجے سے ہوگا جو چار ہفتوں تک جاری رہے گا۔
اس دوران کھانے پینے، فارمیسی ، بک شاپس اور میوزیکل انسٹرومنٹس کی دکانوں کے تمام تجارتی مراکز بند رہیں گے۔ تازہ ہوا کے حصول، واک اور سپورٹ کے لئے محدود وقت کے لئے باہر نکلنے کی اجازت ہوگی مگر تصدیق نامہ ساتھ رکھنا ہوگا جبکہ بین الصوبائی نقل و حرکت پر پابندی ہوگی۔ لاک ڈاؤن کے دوران سکول کھلے رہیں گے اور مذہبی مراکز بھی احتیاطی تدابیر کے ساتھ کھلے رہیں گے۔