لالہ موسیٰ (محمد کامران) ملک بھر کی طرح گجرات میں بھی یوم پاکستان پر وقار طریقے سے منایا گیا۔ پرچم کشائی کی مرکزی تقریب ڈی سی کمپلیکس میں منعقد ہوئی جہاں مہمانان خصوصی ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ، ڈی پی او عمر سلامت، ایم پی اے میاں اختر حیات نے پرچم کشائی کی۔ پولیس کے چاق چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی اور پولیس بینڈ نے خوبصورتی سے قومی ترانے کی دُھن بجائی۔
اے ڈی سی جی انصر حیات، اے سی سلمان ظفر، سی ای او ایجوکیشن چوہدری اورنگزیب، ڈی او سول ڈیفنس محمد اشفاق، صدر پریس کلب عبدالستار مرزا، رانا شہزاد احمد،راجہ تیمور طارق، خادم علی خادم سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او نے پولیس لائنز میں منعقدہ یوم پاکستا ن کی تقریب میں بھی شرکت کی،یادگار شہدا پر حاضری دی اور دوران ڈیوٹی معذور ہونے والے افسران و جوانوں اور شہدا کے لواحقین سے ملاقات کی۔
ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے پوری قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باد دی،اور کہا کہ آج کے دن ہمارے آباؤ اجداد نے آزاد وطن کا خواب دیکھا جوقائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں پاکستا ن کی صورت میں سامنے آیا ہمیں اپنے وطن کی ترقی،خوشحالی کیلئے ابھی بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے،ہمیں مل کر اجتماعی سوچ کو پروان چڑھانا ہے تمام سرکاری اداروں اور شہری مل کر ملک کی بہتری کیلئے کام کریں۔ انہوں نے کہاکہ آج ایک بار پھر کرونا وباء کی وجہ سے یوم پاکستان کی تقریب سادگی سے منائی گئی ہے موجودہ حالات کا تقاضہ ہے کہ ہم سب ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے ہمیں ایمان، اتحاداور تنظیم کا درس دیا ہے،ان سنہری اصولوں پر کا ر بند ہو کر ہم جہاں ملک کی معیشیت،سکیورٹی اور دیگر مسائل پر قابو پاسکتے ہیں وہیں کرونا وباء کے پھیلاؤ کو روکنے میں بھی اپنا کر دار ادا کرسکتے ہیں۔رکن پنجاب اسمبلی میاں اختر حیات نے کہا کہ 23 مارچ برصغیر کی تاریخ نہایت اہم دن ہے اسی روز پاکستان کی بنیاد رکھی گئی انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلی ٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں موجودہ حکومت پاکستان کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے پر عزم ہے، حکومت پنجاب صوبے کی ترقی کے لئے موثر اقدامات کر رہی ہے بالخصوص مہنگائی پر کنٹرول کے لئے جامع پلان پر عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت 2023 تک ملک کودر پیش مسائل پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائے گی۔