لالہ موسیٰ (محمد کامران) ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ31 مارچ تا 2 اپریل تک انسدادپولیو مہم کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں، رواں سال کی پہلی انسداد پولیو مہم کے دوران 4لاکھ 42 ہزار593 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا ئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انسدادپولیو مہم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ایم ایس عزیز بھٹی شہید ہسپتال ڈاکٹرعابد غوری، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر لطیف افضل، ڈی ایچ اوز ڈاکٹر ذاکر علی رانا، ڈاکٹر ایاز ناصر، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر سید غمخوار حسین، ڈبلیو ایچ او کے نمائندہ ڈاکٹر صدف، سماجی کارکن خادم علی خادم ودیگر ممبران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کیلئے مہم نیشنل کاز ہے جس کے لئے ہر محکمہ کو اپنا کردار ادا کرنا ہے، انسداد پولیو مہم کے دوران بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کا آپشن نہیں، اگر کسی والدین کو تحفظات ہوں تو شام کو جائزہ میٹنگ سے قبل انہیں دور کرکے بچے کو کور کرنا ہوگا۔ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے واضع کیا کہ گزشتہ برسوں کے دوران پولیو کیسز کی تعداد میں اضافہ اس امر کا متقاضی ہے کہ سو فیصد بچوں کی کوریج یقینی بنائی جائے۔ اس سے قبل ڈاکٹر صدف سلطان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو مہم کو کامیاب بننانے کے لئے 988 موبائل ٹیمیں،122 فکس اور 33 ٹرانزٹ ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ انسداد پولیو رضا کاروں کی ٹریننگ مکمل کی جاچکی ہے۔