چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ن لیگ کا اپوزیشن لیڈر کا امیدوار بہت ہی متنازع تھا، پیپلز پارٹی کے خلاف سوشل میڈیا پر کل سے مخصوص پراپیگینڈہ کیا جارہا ہے، اکیس سینیٹرز ہمارے پاس ہیں، اپوزیشن لیڈر کا حق ہمارے پاس ہے، پیپلز پارٹی کے پاس اکثریت تھی اور اپوزیشن لیڈر بھی ان کا ہی بننا تھا۔
بلاول بھٹو نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مطالبہ کرتے ہیں ندیم بابر کی طرح بشمول وزیراعظم تمام وزرا کو ہٹایا جائے، حکومت کو ٹف ٹائم دیتے رہیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ محسوس ہوا کہ پیپلز پارٹی کو دیوار سے لگایا جارہاہے، افسوس ہے کہ ایک جماعت نے ضد اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے وزیراعظم کو گھر میں گھس کر شکست دیکر تاریخی کامیابی حاصل کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین سینیٹ پر ہمارے جو اعتراضات ہیں اس پر جدوجہد جاری ہے، پریزائیڈنگ افسر نے متنازع فیصلہ دے کر یوسف رضا گیلانی سے ناانصافی کی۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک میں کورونا کی تیسری لہر جاری ہے، پنجاب میں کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے جس کے باعث شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی ایس او پیز کے ساتھ ضلعی سطح پر منائیں گے۔