نیا پاکستان یا۔۔۔۔۔۔۔۔؟؟؟
( رپورٹ : حمید چوہدری پیرس فرانس ) طاقتور انصاف خریدتا ہے جبکہ کمزور انصاف کے حصول کیلئے دربدر بھٹک رہا ہے، پاکستان میں نظام تبدیل کئے بغیر عوام کی زندگی نہیں بدل سکتی عمران خان نے بھی صرف باتیں ہی کی ہیں عملی طور پر عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔ عوام کو کچھ دیئے بغیر مطمئن نہیں کیا جا سکتا ہے، وہ نئے پاکستان کا خواب؟ کیا خواب؟ وہی خواب جو میرے کپتان نے مجھے دکھایا تھا۔ ایک ایسا پاکستان جس میں قانون سب کے لئے برابر ہوگا، کوئی طاقتور کسی کمزور پر ظلم نہیں ڈھا سکے گا، ریاست ہر کمزور کے ساتھ کھڑی ہوگی۔ کیا ایسا ہوا؟پچھلی حکومتوں نے لوٹ مار کی، قرضوں پر قرضے لئے، خزانہ خالی چھوڑا اس لئے مہنگائی بڑھی اور ہم عوام کو کچھ نہیں دے پا رہے۔ شاید وہ ٹھیک کہتے ہوں، مگر عوام عمران خان سے پوچھتی ہے جی یہ بتائیں کیا تھانوں کو ٹھیک کرنے کے لئے بھی کپتان پر پچھلی حکومتیں پابندی لگا گئی ہیں۔ کیا دفتروں میں جو رشوت کا بازار گرم ہے، وہ بھی پچھلی حکومتوں کا کیا دھرا ہے۔ کیا وزیراعظم عمران خان جس ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں،اس میں ایسا ظلم ہوتا ہے، جیسا پاکستان میں غریبوں پر بااثر افراد، پولیس اور پٹواری کرتے ہیں۔ نئے پاکستان میں تو انصاف کی سہل فراہمی کے دعوے کئے گئے تھے، لیکن انصاف تو آج بھی صرف پیسے والوں کو ملتا ہے۔ لمحہ فکریہ ہے کہ عمران خان جیسا تبدیلی لانے کا دعویدار حکمران بھی کوئی تبدیلی نہیں لا سکا تو پھر ملک میں تبدیلی کیسے آئے گی؟