لالہ موسیٰ (محمد کامران )ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا کہ ضلع میں حکومت پنجاب کی طرف سے وضع کر دہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 4 شادی ہال، 3 ریسٹورنٹس, 10 دکانیں اور ڈنگہ میں 1 نجی سکول کو سیل کر دیا گیا، ضلع میں کرونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ایس او پیز پر سخت عملدرآمد یقینی بنا یا جا رہا ہے،خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نے میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ کرونا کی تیسر ی لہر کے پیش نظر ضلع گجرات میں کرونا کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، ضلع میں ایکٹیو کیسز کی تعداد 581 ہے جن میں سے 541 افراد کو گھروں میں قرنطینہ کیا گیا ہے جبکہ عزیر بھٹی شہید ہسپتال کرونا وارڈ میں 120 مریض زیر علاج ہیں،کرونا وارڈ میں 39 کنفرم،81 متشبہ مریضوں کا علاج جاری ہے۔ گزشتہ 48 میں 8 نئے مریض کرونا وارڈ میں داخل کئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کے لئے پوری طرح متحرک ہیں، تمام اسسٹنٹ کمشنرز و دیگر افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مسلسل مارکیٹس، کاروباری مراکز،شادی ہالز، ریسٹورنٹس وغیرہ کی نگرانی کریں اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے کاروبار کو سیل کر دیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ وہ زیادہ رش نہ لگنے دیں،بغیر ماسک آنے والے افراد کو خدمات کی فراہمی نہ کریں۔اسی طرح ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں،ماسک کا استعمال لازم کریں اور سماجی فاصلہ برقراررکھیں۔