لالہ موسیٰ(محمد کامران)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پر صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن چوہدری محمد اخلاق کی عوامی نمائندوں اور افسران کے ہمراہ ڈی ایس پی آفس کھاریاں میں کھلی کچہر ی، شہریوں کے مسائل سنے اور موقع پر مسائل کے حل کے لئے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے،صوبائی پارلیمانی سیکرٹری و ایم پی ایز میاں اختر حیات، چوہدری لیاقت علی بھدر، ڈی پی او گجرات عمر سلامت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل مہر انصر حیات اسسٹنٹ کمشنرزکھاریاں و سرائے عالمگیر خالد عباس، احسن ممتاز، سی او ایجوکیشن چوہدری اورنگزیب بھی اس موقع پر موجود تھے۔ کھلی کچہری میں شہریوں نے پولیس ریونیو، بلدیاتی اداروں سمیت مختلف محکموں کے حوالے سے اپنی شکایات پیش کیں، صوبائی وزیر نے شکایات کنندگان کی درخواستوں پر فوری مناسب احکامات جاری کئے جبکہ متعدد درخواستوں پر افسران سے رپورٹ طلب کر لی گئی۔ صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن چوہدری اخلاق نے کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق شہریوں کے مسائل کا حل حکومت اور انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، صوبے میں اوپن ڈور پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جارہا ہے جس کے تحت تمام انتظامی افسران کے دروازے عوام کے لئے کھلے ہیں۔ صوبائی وزیر نے ضلع گجرات میں ریونیو پولیس کمیٹیوں کی تشکیل پر ڈپٹی کمشنرسیف انور جپہ اور ڈی پی او عمر سلامت کے اقدام کو زبردست سراہا اور کہا کہ اس عمل سے ریونیو کے حوالے سے شہریوں کے مسائل تیز ی سے حل ہورہے ہیں۔صوبائی وزیر چوہدری اخلاق نے کہا کہ سرکاری محکموں کے حوالے سے شہریوں کے شکایات کے ازالہ کیلئے آئندہ بھی کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے گا۔ صوبائی پارلیمانی سیکرٹری و ایم پی اے میاں اختر حیات، ایم پی اے چوہدری لیاقت علی بھدر نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کی خدمت کے لئے اقتدار میں آئی ہے گجرات کے شہریوں کے لئے بڑے ترقیاتی منصوبے لائے جارہے ہیں تعلیم صحت ایجوکیشن اور انفراسڑکچر میں نمایاں کام کیا جارہا ہے۔ ڈی پی او عمر سلامت نے کہا کہ گجرات پولیس جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بلا تفریق کاروائی، شہریوں کی داد رسی کیلئے پرعزم ہے، افسران کو مقدمات کی میرٹ پر تفتیش کیلئے ہدایات جاری کی گئی ہیں، اختیارات کا ناجائز استعمال کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔