لالہ موسیٰ (محمد کامران) ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کنجاہ بازار کا اچانک دورہ کیا، لاک ڈاؤن احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیااور بغیر ماسک خریداری کیلئے آنیوالے 6افراد کیخلاف مقدمات درج کروانے کا حکم دیدیا جنہیں پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ، اسسٹنٹ کمشنر سلمان ظفر، میونسپل کمیٹی اور پولیس افسران کے ہمراہ کنجاہ پہنچے اور مین بازار میں کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بغیر ماسک لگائے بازار میں موجود ناصر علی ولد عاشق حسین، عزی زولد مظہر اقبال، یسین ولد بابر، محمد آصف ولد اولیا، سفیان ولد اصغر اور ضیغم ولد مہندی کے خلاف مقدمات درج کرنے کے احکامات جاری کئے۔ دوسری طرف سپیشل مجسٹریٹ ارشاد احمد نے لاری اڈہ میں دوران چیکنگ فیس ماسک نہ لگانے پر آصف علی ولد علی حسن، سپیشل مجسٹریٹ کھاریاں نے ڈنگہ روڈ کے علاقہ میں ذیشان ولد یونس اور آصف ولد ایوب کیخلاف فیس ماسک نہ لگانے پر مقدمات درج کروادیے۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا ہے کہ حکومت پنجاب کیطرف سے کرونا وباء کی روک تھام کیلئے جاری احکامات کے تحت آج بروز جمعہ اور ہفتہ تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے، حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف قانون کے مطابق بلا تفریق ایکشن لیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ جمعہ اور ہفتہ کے روز مکمل لاک ڈاؤن کا فیصلہ ضلع میں کرونا ء وبا میں تشویشناک حد تک اضافہ کے پیش نظر کیا گیا ہے، ضلع میں پبلک ٹرانسپورٹ پر بھی پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں، اسسٹنٹ کمشنرز کو اپنے علاقوں میں لاک ڈاؤن احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔