کیا انسانی اموات صرف کرونا سے ہی ہورہی ہیں ؟؟؟ تحریر (حمیدچوہدری کے قلم سے)
پاکستان میں انسانی اموات کا زمہ صرف کرونا وائرس ہی نہیں ہےبلکہ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ پاکستان میں لوگ کرونا وائرس سے زیادہ کسی ظالم کے ہاتھوں قتل، خودکشی،یا کرپٹ پولیس افسران کے ہاتھوں جعلی پولیس مقابلوں میں مررہے ہیں۔ پاکستان میں آئے روز اخبارات، چینلز پر ایسی خبریں معمول کے طور پر ملتی ہیں کہ فلاں شہر میں گھر کے سربراہ نے بیوی بچوں کو قتل کردیا ، غربت بیروزگاری سے تنگ آکر خودکشی کرلی ، بیگناہ لوگوں کو پکڑ کر جعلی پولیس مقابلے میں ماردیا گیا ، ان سب واقعات کا زمہ دار کون ہے ؟؟؟
کیا بروز محشر ان سب واقعات کی حاکم وقت سے کو ئی پوچھ نہیں ہو گی ؟ کیا ریاست مدینہ ایسی تھی۔
جس دور میں لٹ جائے غریبوں کی کمائی
اس عہد کے سلطان سے کچھ بھول ہو ئی (ساغرصدیقی
اس عہد کے حکمران مزدوری کر کے کھربوں پتی بن گئے ہیں جبکہ رعایا مزدوری کر کے خودکشیاں اور اپنے بچوں کو قتل کر نے پر مجبور ہے، ہماری ہمدردیاں صرف مرے ہوئے انسانوں کیلئے ہیں اور لعنت صرف قاتل کیلئے ہے ؟
کیا آپ نے آپ کو کبھی خیال آیا ہے کہ آپ گھر آرہے ہو راستے میں پولیس اہلکار ناکہ پر روک کر شرمناک طریقہ سے آپکی تلاشی لے اور اس زیادتی پر احتجاج کرنے کی وجہ سے آپکو گولیاں مار کر قتل کردیا جائے اور پھر میڈیا پر آپکو ایک بہت خطرناک دہشت گرد قرار دیا جائے تو آپ کے خاندان پر کیا گزرے گی ؟؟؟
کیا کبھی آپ نے سوچا ہے کہ اگر شام کو آپ گھر آئیں اور بچے آپکی راہ دیکھ رہے ہوں کہ ہمارا باپ ابھی ہمارے کھانے کیلئے کچھ لائے گا مگر آپ خالی ہاتھ گھر لوٹے اور پھر آپ اپنے بچوں کے چہروں کی مایوسی اور آنسو دیکھے تو آپ پرحق سچ کی آواز بلند کرنا بھی جس معاشرہ میں جرم بن جائے اس عہد کے حکمرانوں کو کیا خطاب دینگے؟؟؟
ہم مرے ہوئے انسان کو کفن تو لیکر دیتے ہوئے فخر محسوس کرتے ہیں مگر زندہ کو کپڑے دینا پسند نہیں کرتے ۔پاکستانی عوام غربت سے تنگ آکر اپنے بچوں کو قتل کررہے ہیں، بیگناہ لوگوں کو پکڑ کر جعلی پولیس مقابلوں میں مارا جارہا ہے، پولیس کے غلط رویہ لوگوں کو جرائم پر اکسا رہا ہے جبکہ اقتدار کے ایوانوں میں جوں تک نہیں رینگتی، اپوزیشن بھی صرف اپنے اقتدار کیلئے بے صبری ہوچکی ہے کیا اس بیگناہ خون کے قتل کی آواز کبھی کسی حکومتی یا اپوزیشن کے ممبر نے ایوان اقتدار میں بلند کی ہے ؟؟؟
کیا صرف کرونا ویکسین سے ہی قیمتی انسانی جانوں کےضیاع کی روک تھام ممکن ہے؟ کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے ویکسینیشن سمیت کسی ایسی ویکسین کا بھی بندوبست کیا جانا ضروری ہے جو کہ ہمارے اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے ہوئے حکمرانوں سمیت اپوزیشن کو بھی لگائی جائے جس سے ان کے دل میں بھی غریب، مظلوم سے ہمدردی پیدا ہوجائے .