لالہ موسیٰ (محمد کامران) ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ مخیر حضرات کے تعاون سے ماہ رمضان المبارک کے دوران ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں کو سحر و افطار دسترخوان لگایا جائے گا،
قیدیوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے بھی وسائل کی فراہمی کے لیے اقدامات ترجیح ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قیدیوں کی فلاح وبہبود کے لیے قائم کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، سپرنٹینڈنٹ جیل لیاقت علی، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد زبیر، چوہدری اعجاز احمد وڑائچ،چوہدری نواز ریحانیہ،نثار الدین ساجد راٹھور، میاں الیاس الرحمن بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ کمیٹی کے ممبران قیدیوں کی فلاح وبہبود کے لیے پر عزم ہیں،جیل ہسپتال،مختلف بیرکوں میں سہولیات،قیدیوں کی تعلیم و تربیت کے لیے کلاس رومز کا قیام اور دیگر اقدامات اسکا ثبوت ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ منصوبے کے تحت جیل میں قیدیوں کے لیے ملاقات کا نیا کمرہ تعمیر کرنے کا منصوبہ ہے جبکہ عید الفطر پر قیدی خواتین اور بچوں کو تحائف بھی دیے جائیں گے