لالہ موسیٰ (محمد کامران )ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ کا رات گئے پرائیویٹ گاڑی میں شہر کا دورہ ، لاک ڈاؤن احکامات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا، بڑے پھل فروشوں کے سٹالز سے خریداری، گرانفروشی کرنیوالے دو پھل فروشوں کو گرفتار کروا دیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ رات گئے پرائیویٹ گاڑی میں شہر کے دورہ کے لیے نکلے، انہوں نے رامتلائی چوک اور لاری اڈہ کے علاقے میں بڑے سٹالز سے پھل خریدے، اس دوران پھل فروش قیصر نے خربوزہ سرکاری ریٹ 80 روپے کلو کی بجائے 120 روپے کلو فروخت کیا جبکہ ایک اور بڑے فروٹ سٹال پر عقیل نے کیلا سرکاری ریٹ 120 روپے درجن کی بجائے 150 روپے درجن فروخت کیا، پھل فروش اشرف اور عمران نے انتظامیہ کے مقرر کردہ نرخ ہی وصول کئے۔ ڈپٹی کمشنر کے حکم پر گراں فروشوں قیصر اور عقیل کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور انکے خلاف تھانہ لاری اڈہ میں مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بعد ازاں کاروباری مراکز اور ریسٹورنٹس کا بھی معائنہ کیا اور لاک ڈاؤن اوقات کی پابندی اور کرونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ وہ آئندہ بھی اسی طرح اچانک چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھیں گے