لالہ موسیٰ (محمد کامران )ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کرونا ویکسینیشن سنٹر سپورٹس جمنیزیم کا دورہ کیا، سنٹر میں موجود بزرگ شہریوں کو فراہم کی جانے سہولیات اور سنٹر کے مختلف حصو ں کا معائنہ کیا۔ ایم ایس عزیز بھٹی شہید ہسپتال ڈاکٹر عابد محمود غوری اور ڈی ایم ایس ڈاکٹر محمد آصف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ا بتک ضلع گجرات میں 10783 افرا د کو کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لگائی جا چکی ہے، شہریوں کی سہولت کے لئے کرونا سنٹرصبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک کام کررہے ہیں، ویکسینیشن سنٹر پر ویکسین کی مطلوبہ ڈوز موجود ہیں، رش کو کم کرنے کے لئے ضلع بھر میں مزید ویکسینیشن سنٹر قائم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا کہ شہری کرونا سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگوائیں،رجسٹریشن کے لئے اپنا شناختی کارڈ نمبر 1166 پر میسج کریں، اس مرحلے میں 50 سال سے زائد عمر کے افراد رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ویکسینیشن سنٹر میں کرسیوں اور پنکھوں کی تعداد ویکسینیشن کیلئے بنائے گئے کاؤنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ کرونا کی تیسری لہر شدید تر ہورہی ہے لہذاا حتیاطی تدابیر احتیار کریں بلاضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں اور ماسک کا استعمال لازم کریں۔