رمضان المبارک سے قبل مستحق گھرانوں میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب، ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے

لالہ موسیٰ (محمد کامران) رمضان المبارک سے قبل مستحق گھرانوں میں راشن تقسیم کرنے کی تقریب نواحی گاؤں ماجرہ شمالی میں منعقد ہوئی، ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ اس موقع پر مہمان خصوصی تھے، ممتاز سماجی شخصیت حاجی امجد علی چوہدری کے زیر اہتمام تقریب میں صدر پریس کلب عبدالستار مرزا، سینئر صحافی طفیل میر، یونس ساقی اور معززین بھی موجود تھے، مستحق گھرانوں کو فراہم کئے جانیوالے راشن میں آٹا، چینی، گھی، چائے کی پتی اور شربت شامل ہے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے حاجی امجد علی چوہدری، انکے فیملی ممبران اور ساتھیوں کی کاوش کو زبردست سراہا اور کہا کہ پاکستان دنیا کے ان خوش قسمت ممالک میں شامل ہے جہاں لوگوں میں خدمت انسانیت کا جذبہ موجود ہے اور وہ اپنی جیب سے خرچ کرکے ضرورت مندوں کی مدد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وباء کے دوران دنیا کے امیر ممالک میں بھی شہریوں کو بھوک، افلاس سمیت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے تاہم وطن عزیز میں حکومتی پالیسیوں اور خدمت انسانیت کا جذبہ رکھنے والے افراد کی کاوشوں سے ایسی صورتحال پیدا نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع گجرات میں کرونا وبا کی صورتحال نہایت تشویشناک ہے، شہری احتیاط کا دامن تھامے رکھیں، غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں، ماسک لگائیں اور سماجی فاصلہ کا خیال رکھا جائے خصوصا رمضان المبارک کیلئے طے پانیوالے ضابطہ اخلاق کی پاسداری کی جائے۔ ممتاز سماجی شخصیت حاجی امجد علی چوہدری نے ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ اور دیگر معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں