لالہ موسیٰ (محمد کامران)ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران علما ء کرام تعاون سے کرونا وبا کی روک تھام کیلئے صدر مملکت اور علما ء کرام کے مابین طے پانیوالے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، ضلع میں اتحاد بین المسلمین اور لاء اینڈ آرڈر برقرار رکھنے کیلئے ضلعی امن کمیٹی کے تمام ممبران مثالی کردار ادا کررہے ہیں، ان خیالات کا اظہا رانہوں نے ضلعی امن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمر سلامت، علماء کرام صاحبزادہ سعید احمد شاہ گجراتی، پروفیسر سرفراز حسین جعفری، قاری الطاف الرحمن، صدر چیمبر چوہدری وحید الدین نے بھی اظہا ر خیال کیا، اے ڈی سی ریونیو عامر شہزاد، اسسٹنٹ کمشنرز سلمان ظفر،خالد عباس، احسن ممتاز، خادم علی خادم، منور کھوکھرو دیگر ممبران کمیٹی بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صدر پاکستان اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کے مابین طے پانے والے معاہدہ کے مطابق رمضان المبار ک سے آغاز سے قبل مساجد اور امام بارگاہوں سے قالین ہٹا دیئے جائیں گے،نماز فرش پر ادا کی جائے گی فرش کو باقاعدگی سے دھویا جائے گا، جن مساجد کے صحن کچے ہیں وہاں چٹائی استعمال کی جاسکتی ہے، نمازیوں میں تین فٹ کا فاصلہ رکھنا لازمی ہوگا اور 50 سال سے زائد عمر کے افراد،بچے اور بیمار افراد گھروں میں عباد ت کریں گے، ہر نمازی کے لئے ماسک پہننا لازمی ہوگا، اور مصافحہ کرنے گلے ملنے سے گریز کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع گجرات ان اضلاع میں شامل ہے جہاں کرونا وباء کی شدت نہایت تشویشناک ہے، کرونا سے متاثرہ افراد کی بڑی تعداد عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں زیر علاج ہے، کرونا پازیٹو مریضوں کے ساتھ بڑی تعداد میں مشتبہ مریض بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام اعلی ترین سطح پر مشاورت کے بعد طے پانے والے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کریں او ر یہ پیغام اپنے ساتھی علما تک بھی پہنچائیں۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عمر سلامت نے کہا کہ ضلعی پولیس رمضان المبارک کے دوران امن امان برقرار رکھنے کیلئے پر عزم ہیں، اس مقصد کے لئے جامع سیکورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ کرونا وباء پوری دنیا کیلئے اللہ تعالیٰ کی طرف آزمائش ہے جس سے بچاؤ کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد نہایت اہم ہے، گجرات پولیس ضلع میں ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے اپنا موثر کر دار ادا کرتی رہے گی۔ علماء کرام صاحبزادہ سعید احمد شاہ گجراتی، پروفیسر سرفراز حسین جعفری، قاری الطاف الرحمن، صدر چیمبر چوہدری وحید الدین نے کہا کہ کرونا وباء کی روک تھام اور شہریوں میں شعور اجاگر کرنے کیلئے وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان کی زیر صدارت علماء کے اجلاس میں طے پانے والے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے لئے وہ اپنا بھرپور کر دار اداکرتے رہیں گے۔