ڈپٹی کمشنر کا ماسک نہ لگانے اور مقررہ ریٹس سے زائد قیمت پر سبزیاں فروخت کرنے پر 4ملزمان کو موقع پر گرفتار کرنےکا حکم

لالہ موسیٰ (محمد کامران) ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا، کرونا سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا پرائس چیکنگ کی اور رمضان بازاروں کے انعقاد کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا، ڈپٹی کمشنر نے ماسک نہ لگانے اور مقررہ ریٹس سے زائد قیمت پر سبزیاں فروخت کرنے پر 4ملزمان کو موقع پر گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے، اسسٹنٹ کمشنر گجرات سلمان ظفر بھی انکے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے سٹاف گلہ سرگودھا روڈ، نیو سبزی منڈی، شاہین اور دیگر علاقوں میں پھلوں، سبزیوں اور اشیائے خورد و نوش کی دکانوں پر ریٹ لسٹیں چیک کیں اور خریداروں سے قیمتوں بارے دریافت کیا اس دوران شاہین چوک میں وقار احمد اور گڑھی احمد آباد میں برکت مسیح مہنگے داموں سبزی فروخت کرتے پائے گئے جنہیں فوری طور پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مسلم آباد کے علاقہ میں ماسک کے بغیر پبلک مقامات پر موجود اقبال الرحمان اور عتیق الرحمان کو پولیس کے حوالے کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ظہور الہی اسٹیڈیم، ریلو ے اسٹیشن، شاہ جہانگیر روڈ کے علاقہ میں رمضان بازاروں کے انعقاد کیلئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ٹرکنگ پوائنٹس پر آٹے کی دستیابی اور آٹے کی کوالٹی بھی چیک کی۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے پرائس مجسٹریٹس کے نام مراسلہ میں ہدایت کی ہے کہ تمام افسران اپنے علاقوں میں اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں اگر انہوں نے کسی علاقہ میں گرانفروشی کرتے ہوئے کسی دکاندار کو پکڑ لیا تو گرانفروش کے خلاف مقدمہ درج ہوگا جبکہ متعلقہ پرائس مجسٹریٹ سے بھی جواب طلبی کی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں