وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ محراب و منبر کے امین عوام کو کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی تلقین کریں، علماء اور مشائخ اپنے حلقہ اثر میں ماسک پہننے اور ویکسی نیشن کرانے کی ترغیب دیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے علماء کرام و مشائخ عظام نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری، صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت اور وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن بھی موجود تھے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ کورونا کے مشکل وقت میں رائے عامہ کے لیڈر اپنا کردار ادا کریں، ہیلتھ سسٹم پر کورونا کی وجہ سے دباؤ بڑھ رہا ہے لیکن عوامی سطح پر عملدرآمد تسلی بخش نہیں، جان بچانا فرض ہے، ماسک پہننے اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے سے جان بچائی جاسکتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ مساجد میں کورونا ایس او پیز کے مطابق تراویح اور نماز کا اہتمام کیا جائے، علماء کرام و مشائخ عظام کا احترام روایات اور اقدار میں شامل ہے، مشائخ کی خدمات کا اعتراف پوری قوم کرتی ہے، علماء اور مشائخ کے ادب و احترام میں کوئی کمی نہیں آنے دیں گے۔
دوسری جانب نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق کورونا وائرس سے 58 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 15 ہزار 501 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 7 لاکھ 25 ہزار 602 ہوگئی۔
گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 584 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 2 لاکھ 50 ہزار 459، سندھ میں 2 لاکھ 69 ہزار 126، خیبر پختونخوا میں 99 ہزار 595، بلوچستان میں 20 ہزار 321، گلگت بلتستان میں 5 ہزار 127، اسلام آباد میں 66 ہزار 380 جبکہ آزاد کشمیر میں 14 ہزار 594 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک ایک کروڑ 7 لاکھ 79 ہزار 474 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 514 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 6 لاکھ 34 ہزار 835 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 4 ہزار 201 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 58 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 15 ہزار 501 ہوگئی۔ پنجاب میں 6 ہزار 988، سندھ میں 4 ہزار 530، خیبر پختونخوا میں 2 ہزار 651، اسلام آباد میں 611، بلوچستان میں 215، گلگت بلتستان میں 103 اور آزاد کشمیر میں 403 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔