پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹی 20 سیریز کا دوسرا میچ آج ہو گا، ایک صفر کی برتری سے قومی شاہینوں نے پھر اونچی اڑان بھرنے کا عزم ظاہر کر دیا۔
جوہانسبرگ میں ٹی 20 سیریز کا دوسرا مقابلہ، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا میچ آج ہو گا جو شام ساڑھے پانچ بجے ہی شروع ہو گا۔ دونوں ٹیموں کی تیاریاں مکمل، پلان بھی فائنل کر لئے۔
چار میچز کی سیریز میں چار وکٹ سے فاتحانہ آغاز کے سبب قومی شاہینوں کا مورال ہائی ہے، ایک بار پھر فتح پر نظریں جما لیں۔ وِننگ کمبی نیشن برقرار رکھنے کا امکان ہے تاہم بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کی جا سکتی ہے۔ محمد رضوان کی فارم واپس، ایک اور دبنگ اننگز کا انتظار ہے۔ بولنگ میں شاہین آفریدی بھی وکٹیں اڑانے کو بے قرار نظر آتے ہیں۔
دوسری جانب میزبان پروٹیز بھی کم بیک کرنے کے لیے پرعزم اور جیت کے لیے پرجوش ہیں۔ پہلے میچ میں سلو اوور ریٹ پر بیس فیصد جرمانہ بھرنے والی میزبان ٹیم دو تبدیلیوں کے ساتھ اِن ایکشن ہو سکتی ہے۔ خوشگوار موسم میں ایک دلچسپ مقابلے کی امید لئے کرکٹ دیوانے بے قرار ہیں، چھکے چوکے دیکھنے کا سب کو شدت سے انتظار ہے۔