سرائے عالمگیر (محمد اسماعیل چوہدری) سرائے عالمگیر سمیت پنجاب بھر میں رمضان المبارک میں پیشہ ور بھکاریوں کی یلغار سے شہری پریشان ہیں، بھکاری کہتے ہیں پکڑ دھکڑ کرنے آئی ٹیمیں بھکاریوں سے پیسے لے کر چھوڑ دیتی ہیں۔
رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی گلی، محلوں، بازاروں اور چوراہوں پر پیشہ ور بھکاریوں نے ڈیرے جما لئے ہیں، پیشہ ور بھکاری ٹریفک کی روانی متاثر کرنے سمیت شہریوں کو بار بار بھیک کے نام پر تنگ کرتے ہیں، شہری کہتے ہیں پیشہ ور بھکاریوں کو سخت سزا دینی چاہیے۔
پیشہ ور بھکاری کہتے ہیں ان کے خلاف آپریشن کے لیے آنے والی ٹیمیں بھکاریوں کی بھیک سے اکھٹی کی گئی رقم ان سے بطور رشوت لینے کے بعد انہیں چھوڑ دیتے ہیں۔
حکومتی زرائع کا کہنا ہے کہ بھکاریوں کے خلاف آپریشن کیا جاتا ہے، بھکاریوں کی پکڑ کے بعد ان کی کونسلنگ کرکے انہیں چھوڑا جاتا ہے۔
مقدس مہینے میں پیشہ ور بھکاریوں کی بھرمار سے مستحق افراد بھی امداد سے محروم رہ جاتے ہیں۔