ننکانہ صاحب (ملک جعفر سے) حکومت پنجاب کی ہدایت پر رمضان المبار ک کے بابرکت مہنے میں گذشتہ سالوں کی طرح امسال بھی ضلع بھر میں06سستے رمضان بازار قائم کیے گئے ہیں جہاں عوام الناس کو عام مارکیٹ سے رعائتی نرخوں پر اشیائے خورونوش وافر مقدار میں دستیاب ہے جن میں آٹا،چینی ،گھی ،سبزیاں پھل ،بیسن، بیف ،مٹن ،چکن سمیت دیگر اشیائے ضروریہ شامل ہیں ۔ضلع بھر میں قائم کیے گئے 6سستے رمضان بازاروں میں چینی کی خریداری کرنے والے گاہکوں کی فنگر مارکنگ کا عمل شروع کردیا گیا ہے جس کے تحت چینی کی خریداری کرنے والے افراد کے ہاتھ پر نشان لگایا جائے اور کرونا کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظرچھوٹے بچوں کو رمضان بازاروں میں ہرگز داخل نہ ہونے دیا جائے ۔ان خیالات کا اظہارایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو) محمد عثمان خالد نے ننکانہ صاحب شہر میں لگائے جانے والے سستے رمضان بازارکا اچانک دورہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اے ڈی سی آر محمد عثمان خالد نے محکمہ صحت ،سول ڈیفنس ،مارکیٹ کمیٹی ،لائیوسٹاک ،پولیس سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں کی حاضری اور رمضان بازار میں لگائے جانےو الے سٹالوں پراشیائے خورونوش کی کوالٹی اور قیمتوں کا جائزہ بھی لیا۔انہوں نے ضلع بھر کے تمام مجسٹریٹوں کو سختی کے ساتھ ہدایت کی ہے کہ سستے رمضان بازاروں میں ناقص ، غیر معیاری اور مضر صحت اشیاءفروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے ۔