اسلام امن کا دین ہے ۔ دین اسلام میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں،کوئی معاشرہ پر تشددرویوں کی اجازت نہیں دیتا۔ وزیراعلیٰ پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اسلام امن کا دین ہے ۔ دین اسلام میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں،کوئی معاشرہ پر تشددرویوں کی اجازت نہیں دیتا۔ انتہا پسند رویے معاشرے میں بگاڑ پیدا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے اور ریاست اپنی یہ ذمہ داری ہر صورت نبھائے گی۔ قانون سب کے لئے برابرہے ۔ قانون شکنی کرنے والے عناصر سے قانون کے تحت نمٹا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی کو بھی ریاست کی رٹ چیلنج نہیں کرنے دیں گے ۔ ریاست کی رٹ کو ہر صورت برقرار رکھاجائے گا ، جہاں قانون توڑا جائے گا وہاں قانون ا پنا راستہ خود بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نا خوشگوار واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہو ں گی۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے 550 کروڑ روپے کا خصوصی پیکیج دیا ۔پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں رمضان ریلیف پیکیج کی پائی پائی حقداروں تک پہنچائی جا رہی ہے ۔ رمضان پیکیج کے تحت سستے آٹے کی فراہمی پر 240 کروڑ روپے کی سبسڈی دی گئی ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں۔عثمان بزدار نے کہا کہ رمضان بازاروں کی مانیٹرنگ کیلئے صوبائی وزرا اور مشیران کو ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں اور رمضان پیکیج کی ذاتی نگرانی کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ صوبے میں مہنگائی مافیا کا مکمل خاتمہ کرنے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت صوبائی وزرا کا اہم اجلاس ہوا۔اجلاس میں صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات، رمضان پیکیج،شہروں میں صفائی کی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت اور دیگر اہم امور کا جائزہ لیا گیا۔ صوبائی وزرا میاں محمود الرشید، ڈاکٹریاسمین راشد، ڈاکٹر محمد اختر ملک، سید حسین جہانیاں گردیزی، سردار آصف نکئی، ہاشم جواں بخت اور چیف وہپ ایم پی اے سید عباس علی شاہ نے اجلاس میں شرکت کی۔ عثمان بزدارنے صوبائی وزرا کو فیلڈ وزٹ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی وزرا عوام کو ریلیف دینے کیلئے کیے گئے حکومتی اقدامات کی مانیٹرنگ کریں۔پنجاب حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے اربوں روپے کا رمضان پیکیج دیا ۔عوام کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے ۔اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔عوام کو ریلیف دینے اورپرائس کنٹرول کیلئے آخری حد تک جائیں گے ۔بزدار نے لاہور اوردیگر شہروں میں صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کی ہدایت کی اورکہا کہ کوڑا کرکٹ اٹھانے کے کام کو مزید تیز کیا جائے ، صفائی کے پلان کی روزانہ مانیٹرنگ کی جائے ۔صفائی کے انتظامات کے حوالے سے کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ترقیاتی سکیموں کے کام میں کوالٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوگااورہر منصوبے کی تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ ہوگی۔