ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے مرکز خریداری گندم گجرات میں کسانوں میں باردانہ تقسیم کیا

لالہ موسیٰ (محمد کامران) حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق کسانوں کو باردانہ کے اجراء کا آغاز کر دیا گیا ہے، ضلع گجرات میں 1800روپے فی 40کلو گرام کے ریٹ پر 20ہزار میٹرک ٹن گندم خرید ی جائے گی جس کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، ان خیالا ت کا اظہار ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے مرکز خریداری گندم گجرات میں کسانوں میں باردانہ تقسیم کرنے کے موقع پرکیا، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نصراللہ ندیم، صدر کسان بورڈ گجرات چوہدری اشرف گوندل و دیگر افسران اور کسان بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ گندم خریداری کے لئے ضلع گجرات میں پانچ مراکز قائم کئے گئے ہیں، گندم خریداری مرکز منگوال کے لیے خریداری کوٹہ 6 ہزار میٹرک ٹن، ڈنگہ 5 ہزار میٹرک ٹن جبکہ گجرات، جلالپور جٹاں اور لالہ موسیٰ کا کوٹہ تین تین ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق شفافیت یقینی بنانے اور کرونا وبا سے کسانوں کو محفوظ رکھنے کے لئے باردانہ کی درخواست آن لائن وصول کی جا رہی ہیں ضلع گجرات میں ابتک 486 سو سے زائد کسان باردانہ کے لیے رجسٹریشن کروا چکے ہیں، گندم کے معاوضہ کی ادائیگی کا نظام شفاف بنانے کیلئے کسانوں کو تمام ادائیگیاں انکے بنک اکاؤنٹس میں کی جائیں گی۔ضلعی صدر کسان چوہدری محمد اشرف نے مراکز خریداری گندم پر کسانوں کی سہولت کیلئے بہترین اقدامات پر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد بزدار کی زیر قیادت حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کے اقدامات کو زبردست سراہا اور کہا کہ کسان بورڈ گندم کی سرکاری مراکز پر فروخت کیلئے کسانوں کی حوصلہ افزائی کریگا۔ دریں اثنا اے سی کھاریاں خالد عباس نے مرکز خریداری گندم لالہ موسیٰ میں کسانوں میں باردانہ تقسیم کیا اور بتایا کہ کسانوں سے گندم کی خریدار ی کے لئے تمام تیاریاں مکمل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں