ضلع میں ملاوٹ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کے لئے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل

لالہ موسیٰ (محمد کامران) ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ضلع میں ملاوٹ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کے لئے خصوصی ٹاسک فورس تشکیل دیدی گئی ہے، شہریوں کو ملاوٹ زدہ اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کاروائی کیلئے انٹیلی جنس ادارے بھی ضلعی انتظامیہ کی معاونت کریں گے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاسک فورس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،

ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی قراۃ العین، ڈی ایف سی نصراللہ خاں، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ، چیف آفیسرز عظمت فرید، خاور گجر، مشرف بیگ، ملک منیر و دیگر افسرا ن بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ انسداد ملاوٹ ٹاسک فورس میں پولیس، پنجاب فوڈ اتھارٹی، فوڈ ڈیپارٹمنٹ، لوکل گورنمنٹ، زراعت ڈیپارٹمنٹ، ڈسٹرکٹ پراسکیوٹر، سپیشل برانچ شامل ہونگے جبکہ ڈی او انڈسٹریز کمیٹی کے سیکرٹری ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ بعض مفاد پرست عناصر اپنے فائدے کیلئے لوگوں کی صحت سے کھیل رہے ہیں اور وہ حفظان صحت کے معیار سے کم تر، ملاوٹ زدہ، ناقص اشیائے خورد و نوش فروخت کررہے ہیں، خصوصا ماہ رمضان المبارک میں ان اشیاء کا استعمال بڑھنے سے اس دھندے میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتا یا کہ انٹیلی جنس اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ایسے عناصر کی نشاندہی کریں، چیف آفیسرز خود بھی چیکنگ کریں اور اپنے انفورسمنٹ انسپکٹرز کو بھی چیکنگ کی ذمہ داریاں سونپیں اسی طرح پنجاب فوڈ اتھارٹی اپنی بنیادی ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے ایسے عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے واضع کیا کہ ملاوٹ مافیا کے خلاف قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا اور انکے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں