لالہ موسیٰ (محمد کامران ) ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے سستا رمضان بازار کھاریاں، لالہ موسیٰ کا اچانک دورہ کیا، انہوں نے کھاریاں رمضان بازار میں سپلائی کئے جانیوالے آٹے میں مقررہ معیار سے زائد نمی پر ماڈرن فلور ملز کا پورے سیزن کیلئے گندم کا کوٹہ معطل کر دیا جبکہ رمضان بازار لالہ موسیٰ میں کریانہ کے تینوں سٹالز سے ناقص کوالٹی کے چاول ہٹانے کے احکامات اور متعلقہ تاجروں کو سخت وارننگ جاری کی۔ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ رمضان بازار کھاریاں پہنچے، مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور وہاں رکھی گئی اشیاء کی کوالٹی چیک کی، اے سی کھاریاں خالد عباس بھی انکے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر رمضان بازار کھاریاں میں آٹے کے سٹال پر گئے اور اپنی موجودگی میں نمی چیک کرنے کا حکم دیا، دوران چیکنگ پایا گیا کہ آٹے میں نمی مقررہ معیار 13فیصد سے زائد ہے جس کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انہوں نے رمضان بازار کھاریاں میں آٹا سپلائی کرنیوالی ماڈرن فلور ملز کا پورے سیزن کا کوٹہ معطل کر دیا اور ڈی ایف سی کو ہدایت کی مذکورہ فلور ملز کی خلاف قانون کے مطابق ایکشن لیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ اپنے زیر انتظام رمضان بازاروں میں آٹے کی کوالٹی چیک کرائیں اور یقینی بنایا جائے کہ رمضان بازاروں سے شہریو ں کو معیاری آٹا فراہم کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بعد ازاں رمضان بازار لالہ موسیٰ میں مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور وہاں رکھی گئی اشیائے خورد و نوش کی کوالٹی چیک کی۔ انہوں نے رمضان بازار میں کریانہ کے تینوں سٹالز پر فروخت کیلئے رکھے گئے سپر باسمتی چاول کی ناقص کوالٹی پر سخت عدم اطمینان کا اظہار کیا اور چاول ہٹانے کے احکامات جاری کئے۔ ڈپٹی کمشنر نے خبردار کیا کہ آئندہ ناقص کوالٹی کے چاول یا کوئی دوسری چیز فروخت کیلئے رمضان بازار میں رکھی گئی تو تاجر کیخلا ف سخت ایکشن لیا جائے گا جبکہ رمضان بازار کے انچارج سے بھی جواب طلبی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی گجرات کا بھی دورہ کیا اور نیلامی کے عمل کی نگرانی کی۔