لالہ موسیٰ (محمد کامران) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عامر شہزاد نے ہدایت کی ہے کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے ضلع کی تمام 15قانوں گوئیوں میں دیہی مرکز مال آئندہ ہفتے تک فنکشنل کر دیے جائیں گے، تینوں تحصیلوں کے رمضان بازاروں میں بہتر سہولیات کے فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اسسٹنٹ کمشنر گجرات وقار حسین خاں، اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں خالد عباس، اسسٹنٹ کمشنر سرائے عالمگیر احسن ممتاز بھی موجود تھے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عامر شہزاد نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے وژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر گجرات سیف انور جپہ کی زیر نگرانی دیہی مرکز مال جلالپور جٹاں، کنجاہ، کڑیانوالہ، ڈنگہ، دندی بیسہ کا افتتاح کیا جاچکا ہے جبکہ دیگر دیہی مراکز مال بھی خدمات کی فراہمی کیلئے تیار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی مراکز مال کے قیام سے شہریوں کو لینڈ ریکارڈ سنٹر آنے کی ضرورت نہیں رہے گی اور انکے فرد اجراء، انتقالات اراضی سمیت دیگر ریونیو امور مقامی سطح پر ہی حل ہو سکیں گے۔ اے ڈی سی ریونیو نے ہدایت کی کہ اہداف کے مطابق ریکوری پر خصوصی توجہ دی جائے، اسسٹنٹ کمشنرز تمام ہیڈز میں ریکور ی کی خود مانیٹرنگ کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام 10رمضان بازاروں میں بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے، آٹا، چینی سمیت تمام اشیائے خورد و نوش کی وافر مقدار میں دستیاب ہونی چاہیں۔