ضلع بھر میں گندم کی غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کیلئے 17 خارجی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم

لالہ موسیٰ (محمد کامران) ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ ضلع گندم کی غیر قانونی نقل و حمل کی روک تھام کیلئے 17 خارجی راستوں پر چیک پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں، گندم کی سمگلنگ میں ملوث افراد کیخلاف مقدمات درج ہونگے اور گندم ضبط کر کے محکمہ خوراک کے حوالے کر دی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد سعید، دیگر افسران اور کسان نمائندے بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ ضلع گجرات میں 20 ہزار میڑک ٹن گندم خریداری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، خریداری مرکز پر باردانہ کا اجراء شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع میں کسان کارڈ کا اجراء شروع کر دیا گیا ہے، رجسٹرڈ 82417 کسان حبیب بنک کی کسی بھی برانچ میں اپنا اکاؤنٹ کھلوائیں جس کے بعد ہرقسم کی سبسڈی انکے اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی جن کسانوں کی ابتک رجسٹریشن نہیں ہوئی وہ فوری طور پر محکمہ زراعت توسیع کے دفاتر میں رابطہ کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق فصل خریف کیلئے سبسڈی پر کسانوں کو 18 زرعی آلات کی فراہمی کیلئے انکی بکنگ ہو چکی ہے، فصل ربیع کے لئے سبسڈی پر 51 میں سے 32 آلات کی بکنگ ہو گئی ہے جبکہ 33 میں سے 16 لیزر لینڈ لیولر کسانوں کو فراہم کر دیے گئے ہیں، تمام زرعی آلات پر 50 فیصد سبسڈی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں مویشیوں کو بیماری سے بچانے کیلئے ویکسینیشن جاری ہے جو مئی میں مکمل کر لی جائے گی، گوشت کی پیداوار میں اضافہ کے لئے 1220 کٹوں کے مالکان کو جلد ادائیگی شروع کر دی جائے گی، اسی طرح پولٹری یونٹس کی تقسیم بھی جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ آبپاشی کے لئے دستیاب پانی کے بہتر استعمال کے لئے پراجیکٹس کے حوالے سے اہداف حاصل کئے جا چکے ہیں جبکہ ضلع میں 441 ایکٹر اراضی کو زرعی مقاصد کیلئے ہموار کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں