لالہ موسیٰ (محمد کامران) ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق ڈینگی سرویلنس کا نظام موثر بنانے کیلئے وسائل کو منظم کیا جائے، پرائیویٹ لیبارٹریوں کو پابند بنایا جائے کہ ڈینگی کے کنفرم کیسز بارے فوری محکمہ صحت کو اطلاع دیں،
ضلع گجرات میں کرونا پازیٹو کی شرح 5فیصد سے زائد ہونے کے باعث این سی او سی کیطرف سے جاری نئے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی انسداد ڈینگی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر لطیف افضل، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن چوہدری اورنگزیب، ڈی ایچ او ڈاکٹر ذاکر علی رانا، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ، چیف آفیسرز و دیگر ممبران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے ہدایت کی کہ دیہی علاقوں میں سرویلنس کا نظام بہتر بنانے کیلئے سٹاف کی بھرتی کا عمل جلد شروع کیا جائے اور جن ٹیموں کے پاس اینڈرائڈ موبائل فون دستیاب نہیں انہیں نئے سیٹ کی فراہمی کیلئے اقدامات تجویز کئے جائیں۔ انہوں نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ ڈینگی سرویلنس کے لئے مقرر کردہ فوکل پرسن کی کارکردگی مانیٹر کریں، تمام سرکاری ہسپتالوں کے ایم ایس مشتبہ ڈینگی کیسز روزانہ کی بنیاد پر پورٹل پر اپ لوڈ کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتا یا کہ این سی او سی کی طرف سے جاری پالیسی کے مطابق ضلع گجرات ان اضلاع میں شامل ہے جہاں کرونا پازیٹومریضوں کا تناسب 5 فیصد سے زائد ہے جس کے پیش نظر تمام ریسٹورنٹس میں ان ڈور اور آؤٹ ڈور سروسز پر پابندی عائد کر دی گئی ہے،صرف ٹیک اوے کی اجاز ت ہو گی،دفاتر کے نئے اوقات، 50 فیصد عملہ کی حاضری،فیس ماسک لگانے کی پابندی پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔