کالعدم ٹی ایل پی ضمنی انتخاب میں کراچی الیکشن میں تیسرے نمبر پر جبکہ حکومتی امیدوار پانچویں نمبر پر
کالعدم تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار نذیر احمد نے 11 ہزار 125 ووٹ حاصل کیے ہیں۔
پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) عوام کی تیسری بڑی پسند کے طور پر سامنے آئی ہے۔ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 میں جمعرات کے روز ہونے والے ضمنی انتخاب کے غیر حتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے عبدالقادر خان مندوخیل نے انتخاب جیت لیا ہے جبکہ کالعدم ٹی ایل پی کے امیدوار تیسرے نمبر پر رہے۔
عبدالقادر خان مندوخیل نے 16 ہزار 156 ووٹ لے کر فتح حاصل کی ہے۔ دوسری نمبر پر پاکستان مسلم لیگ (ن) رہی جس کے امیدوار مفتاح اسماعیل نے 15 ہزار 473 ووٹ حاصل کیے۔
کراچی کے حلقے این اے 249 کے عوام کی تیسری انتخابی پسند کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) رہی ہے جس کے امیدوار نذیر احمد نے 11 ہزار 125 ووٹ حاصل کیے ہیں۔ پاک سر زمین پارٹی (پی ایس پی) کے مصطفیٰ کمال 9 ہزار 227 ووٹ حاصل کر کے چوتھے، تحریک انصاف کے امجد آفریدی 8 ہزار 922 ووٹ حاصل کر کے پانچویں اور ایم کیو ایم پاکستان کے محمد مرسلین 7 ہزار 511 ووٹ لے کر چھٹے نمبر پر رہے۔