ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ اور ضلعی چیئرمین چوہدری عدیل ارشد منعقد ہوا

لالہ موسیٰ (محمد کامران) ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ اور ضلعی چیئرمین چوہدری عدیل ارشد منعقد ہوا، اسسٹنٹ کمشنرز وقار حسین خاں، خالد عباس سیال، احسن ممتاز، پولیس کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں برطانیہ سے محمد رضوان اور عمر ثقلین راجہ کی شکایات کی آن لائن سماعت کی گئی جبکہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز نے انکی شکایات کے حوالے سے اپنی ابتک کی تحقیقات سے آگاہ کیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ضلعی کمیٹی نے ابتک بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کی 755 شکایات کا ازالہ کیا ہے، ریونیو کورٹس میں 17 درخواستیں زیر سماعت ہیں، کمیٹی نے گذشتہ 15 دنوں میں 35 شکایات نمٹائیں جبکہ 36 پر انکوائری جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور پولیس افسران زیر التوا شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹائیں، اے سی سرائے عالمگیر راجہ عمر ثقلین کی شکایت کی انکوائری کے لیے موقع پر جائیں گے اور یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی بااثر فرد ان کی پراپرٹی پر قبضہ نہ کر سکے، برطانیہ میں مقیم محمد رضوان کی شکایت کی تحقیقات کے دوران متعلقہ پٹواری کو معطل کیا جا چکا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کی شکایات پر تیزی سے کاروائی کیلئے ضلع میں ریونیو، پولیس کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں، اوورسیز کی فیملیز اور انکے پراپرٹیرز کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ ضلعی چیئرمین چوہدری عدیل ارشد نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی گجرات فعال انداز میں بیرون ممالک مقیم شہریوں کی شکایات اور مسائل کے حل کیلئے پرعزم ہے اس مقصد کیلئے ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا بھرپور تعاون نہایت معاون ثابت ہو رہا ہے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں