لالہ موسیٰ (محمد کامران) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ، ڈی پی او عمر سلامت نے مسلسل 17ویں دن سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا، انہوں نے رمضان بازاروں کا بھی معائنہ کیا اور خریداری کیلئے آنیوالے شہریوں سے سہولیات بارے دریافت کیا۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا کہ ضلع بھر کی سبزی و فروٹ منڈیوں کی مسلسل نگرانی کا مقصد یہاں لائی جانیوالی اشیاء کی شفاف نیلامی اور مصنوعی مہنگائی کی روک تھام ہے، اس مقصد کیلئے وہ خود بھی منڈیوں کا وزٹ کرتے ہیں جبکہ اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے رمضان بازار ریلوے روڈ، ماڈل بازار کے دورہ کے موقع پر پھلوں، سبزیوں، دالوں کی کوالٹی چیک کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں کے انچارج روزانہ کی بنیاد پر آٹے میں نمی کا لیول چیک کرائیں، اگر نمی مقررہ معیار سے زائد ہو تو آٹا فلور ملز کو واپس بھجوادیا جائے اور ملز کیخلاف کاروائی کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع گجرات کے رمضان بازاروں کیلئے مختص چینی کے کوٹہ سے 32فیصد چینی 65روپے فی کلو کے ریٹ پر فروخت کی جاچکی ہے۔