لالہ موسیٰ (محمد کامران )دو درجن کے قریب سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث انتہائی خطرناک ملزم پولیس مقابلے میں اپنے منطقی انجام کو پہنچ گیا۔تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او تھانہ گلیانہ انسپکٹر اعجاز علی اپنی نفری کے ہمراہ معمول کی گشت پر تھے کہ ایک کار سوار نے روک کر بتایا کہ دو مسلح افراد نے اسکی گاڑی روک کر لوٹنے کی کوشش کی ہے اور اس کے نہ رکنے پر گاڑی پر فائر بھی کئے ۔اس اطلاع پرایس ایچ او تھانہ گلیانہ نے ملزمان کی تلاش و گرفتاری کے لئے بذریعہ وائرلیس کنٹرول علاقہ کی ناکہ بندی کروائی اور خود اپنی نفری کی ہمراہ ملزمان کا تعاقب شروع کر دیا۔اسی دوران چک لشکری کے قریب دو اشخاص کو آتا دیکھ کر پولیس نے رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے اپنے اپنے دستی اسلحہ کے ساتھ پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔پولیس نے فائرنگ سے بچنے کے لئے پوزیشنین سنبھال لیں جبکہ ملزمان بوکھلاہٹ میں فائرنگ کرتے رہے۔تھوڑی دیر میں فائرنگ کاسلسلہ رکنے پر سرچ آپریشن کیا گیا تو ایک ملزم جو اپنے ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہونے کے بعد ہلاک ہو چکا تھا۔جس کے قریب سے ایک عدد لوڈڈ پسٹل 30بور اور جیب سے شناختی کارڈ برآمد ہوا جس سے اسکی شناخت فیاض ولد جاوید اقبال سکنہ محلہ ستار پورہ کے نا م سے ہوئی۔ہلاک ہونے والے ملزم کاریکارڈ چیک کرنے پر دو درجن کے قریب سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا۔جبکہ اسکا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی گرفتاری کے لئے پولیس کے چھاپے جاری ہیں۔مزید پڑتال ریکارڈ پر ہلاک ہو نے والے ملزم کے دو حقیقی بھائی فر از اور شیراز بھی سنگین نوعیت کے درجنوں مقدمات میں ملوث پائے گئے ہیں۔