میانوالی : سنگندل باپ کے ہاتھوں قتل ہونیوالی 3 بیٹیاں آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک
میانوالی میں یکے بعد دیگرے تین بیٹیوں کی پیدائش خاتون کے لیے جرم بن گئی، شوہر نے بیوی سے جھگڑے کے بعد تینوں بیٹیوں کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا، مقتول بچیوں کو نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کردیا گیا۔
میانوالی کے علاقے داؤد خیل میں پیش آنے والے اندوہناک واقعہ نے زمانہ جاہلیت کی یاد تازہ کردی، بیوی کو صرف بیٹیوں کی پیدائش کا طعنہ دینے والے سفاک باپ نے جھگڑے کے بعد 3 معصوم بچیوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
تھانہ داؤد خیل میں درج ایف آئی آر کے مطابق ملزم کا اکسر بیٹیوں کی پیدائش پر بیوی سے جھگڑا رہتا تھا، گزشتہ روز بچیاں گھر میں کھیل رہی تھیں کہ ملزم نے کمرے میں گھس کر فائرنگ کرکے 2 سالہ عائشہ، 3 سالہ علیشا اور 4 سالہ ارفع کو ابدی نیند سلا دیا۔
ٹاؤن کمیٹی داؤد خیل میں بچیوں کی نماز جنازہ ادا کی گئی تو ہر آنکھ اشک بار تھی، نماز جنازہ میں علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، دوسری جانب پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔