لالہ موسیٰ ( محمد کامران )ویکسنیشن سنٹر لالہ موسیٰ میں ایم ایس ٹراما سنٹر ڈاکٹر عابد مجید کا آنے والوں کےلئے بہترین سہولیات ، زبردست انتظامات ۔اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں خالد عباس سیال کا بھی ویکسینیشن سنٹر لالہ موسیٰ کا دورہ، انتظامات چیک کیے ،اطمینان کا اظہار کیا ۔اس موقع پر نمائندہ روزنامہ نوائے وقت کھاریاں چوہدری محمد انور چوہان بھی موجود تھے مختلف جگہوں اور دور دراز سے ویکسینیشن لگوانے والے افراد سے بات کی ۔زیادہ تعداد معمر اور ضعیف لوگوں کی تھی ،عمر رسیدہ خواتین بھی کافی تعداد میں موجود تھیں جنکا کہنا تھا کہ اُنہیں زیادہ کوفت کا سامنا نہےں کرنا پڑا البتہ انکی تجویز تھی کہ ان سنٹرز میں اضافہ کیا جائے تاکہ لوگوں کو گھر کے قریب سہولت حاصل ہو ۔کچھ نوجوان جنکا تعلق ٹائیگر فورس سے تھا لوگوں کی مکمل راہنمائی کرتے نظر آئے پولیس اہلکار بھی خدمت گار نظر آئے۔ خاص طور پرسےنئر سےٹیزن کے ساتھ اُنکا رویہ قابلِ ستائش تھا البتہ کچھ لوگ گلے شکوے کرتے بھی نظر آئے ۔اس موقع پر ایم ایس ٹراما سنٹر ڈاکٹر عابد مجید کی توجہ اس طرف مبذول کروائی تو انہوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے شکایت کنندگان کی شکایات دور کرنے کے احکامات جاری کئے انہوں نے بتایا کہ وہ خود اس کام کی نگرانی کرتے ہیں ۔سنٹر کم ہونے کی وجہ سے ویکسین لگوانے کا رش ہوجاتا ہے ۔تقریبٍا سات سو سے زائد لوگ روزانہ یہاں کا رُخ کرتے ہیں ۔اب ڈپٹی کمشنر نے اس کا نوٹس لے کر مزید سنٹرز کھولنے کا عندیہ دیا ہے بلکہ کھاریاں سول ہسپتال میں بھی سہولت مہیا کر دی گئی ہے۔ جس سے کھاریاں اور قرب و جوار کے لوگوں کو گھر کے نزدیک ہی سہولت مہیا ہوجائے گی۔ آخر میں ایم ایس نے عوام کے نام پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ ویکسین لگوانا وقت کی ضرورت ہے حکومت یہ سہولت مفت مہیا کر رہی ہے اس سے فائدہ اُٹھانا چاہےے۔ دوسرے یہ کہ کرونا جیسے موذی مرض سے بچنے کے لئے کم سے کم گھروں سے نکلیں ماسک کا استعمال ضرور کریں اور صابن سے بار بار ہاتھوں کو دھویں ہوسکے توسماجی فاصلے کا بھی خیال رکھیں ۔