لالہ موسیٰ (محمد کامران)وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن کا عمل تیز کرنے کے لئے کھاریاں، کوٹلہ ارب علی خاں اور ٹانڈہ میں 3 نئے ویکسینیشن مراکز قائم کر دیے گئے ہیں، ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے ارکان اسمبلی چوہدری محمد ارشد، چوہدری شجاعت نواز اجنالہ کے ہمراہ افتتاح کیا، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر لطیف افضل، ڈی ایچ اوز ڈاکٹر ذاکر علی رانا، ڈاکٹر ایاز ناصر، ڈی ڈی ایچ او ڈاکٹر نعیم، ڈاکٹر سلمان بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ قبل ازیں ضلع میں 5 ویکسینیشن سنٹرز سپورٹس جمنازیم گجرات، کنجاہ، لالہ موسیٰ، ڈنگہ اور سرائے عالمگیر میں قائم ہیں، کھاریاں، کوٹلہ ارب علی خاں اور ٹانڈہ کے بعد آئندہ جلالپورجٹاں اور سوشل سکیورٹی ہسپتال میں ویکسینیشن سنٹرز فنکشنل کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ ضلع میں ابتک 85 ہزار سے زائد افراد نے کورونا سے بچاو کی ویکسین لگوانے کے لئے رجسٹریشن کرائی ہے، 52 ہزار سے زائد افراد کی ویکسینیشن ہو چکی ہے، نئے مراکز کے قیام کے بعد روزانہ 5 ہزار سے 6 ہزار افراد کی ویکسینیشن ہو سکے گی۔ ایم پی ایز چوہدری محمد ارشد، چوہدری شجاعت نواز اجنالہ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے جہاں کورونا وبا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں وہیں شہریوں کی ویکسینیشن کا عمل بھی تیز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ویکسینیشن کے لیے فوری رجسٹریشن کروائیں نیز کورونا سے بچاو کے لیے ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنائیں خصوصا لاک ڈاؤن کے دوران گھروں میں رہیں