پاکستان کے معروف مزاح نگار فاروق قیصر المعروف انکل سرگم اسلام آباد میں انتقال کر گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون۔
ان کے خاندانی ذرائع کے مطابق وہ طویل عرصہ سے عارضہ قلب میں مبتلا تھے۔ آج طبیعت خراب ہونے پر انھیں ہسپتال لےجانے کے لیے ایمبولینس بلائی گئی مگر اس سے پہلے ہی وہ خالق حقیقی سے جا ملے۔ مرحوم کی عمر 75 برس تھی۔
فاروق قیصر ایک مصنف،کالم نگار ،کارٹونسٹ اور ٹی وی پروڈیوسر تھے تاہم پی ٹی وی کا مشہور پروگرام “کلیاں” ان کی پہچان بنا جسمیں ان کے تخلیق کردہ پتلی کردار انکل سرگم نے انھیں بے پناہ شہرت دلائی۔
فاروق قیصر 31 اکتوبر 1945 کو لاہور میں پیدا ہوئے، انہوں نے نیشنل کالج آف آرٹس لاہور سے تعلیم حاصل کی اور پہلی بار پی ٹیوی پر 1970 میں‘ اکڑ بکڑ‘ کے ذریعے متعارف ہوئے۔ وہ این سی اے اور فاطمہ جناح وومن یونیورسٹی میں تدریس سے بھی منسلکرہے اور 1993 میں انہیں تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔