لالہ موسیٰ (محمد کامران) ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ این سی او سی اور حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق 16 مئی سے ویکسینیشن سنٹر سپورٹس جمنزیم سنٹر میں 24 گھنٹے کورونا سے بچاو کی ویکسین لگانے کا آغاز کر دیا جائے گا، ویکسینیشن سنٹر لالہ موسی میں کل سے کاونٹرز کی تعداد میں اضافہ کر دیا جائے گا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویکسینیشن سنٹر لالہ موسی کے دورہ کے موقع پر کیا، ایم ایس ٹی ایچ کیو لالہ موسی بھی انکے ہمراہ تھے۔انہوں نے ویکسینیشن سنٹر میں موجود شہریوں سے بھی ملاقات کی اور سہولیات بارے دریافت کیا۔ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ ضلع میں 12 ویکسینیشن سنٹرز فعال ہیں جہاں ابتک 60 ہزار سے زائد شہریوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے جبکہ آئندہ روزانہ 5 سے 6 ہزار افراد کی ویکسینیشن کا ہدف ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کورونا ویکسینیشن سنٹر سپورٹس جمنزیم میں 24 گھنٹے ویکسین لگانے کے لئے عملہ کی تعداد میں اضافہ کر دیا گیا ہے اسی طرح لالہ موسی سنٹر میں بھی آج سے خواتین اور مردوں کے لیے الگ کاونٹر قائم کرنے کے ساتھ انتظار گاہ میں بیٹھنے کے انتظامات مزید بہتر بنانے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔