لالہ موسیٰ (محمد کامران )ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا ہے کہ ضلع میں گندم کی خریداری کا عمل جاری ہے، پانچوں مراکز پر ابتک ہدف کا 78 فیصد گندم خریدی جاچکی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گندم خریداری مرکز گجرات کے دورہ کے موقع پر کیا، ڈی ایف سی نصراللہ ندیم بھی انکے ہمراہ تھے۔ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات کے مطابق گندم خریداری مراکز پر کسانوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ضلع کے لیے گندم خریداری کا ہدف 20 ہزار میٹرک ٹن مقرر کیا ہے ابتک 15 ہزار میٹرک ٹن سے زائد گندم خریداری کی جا چکی ہے جبکہ ہدف کے 94 فیصد کے برابر باردانہ جاری کیا جا چکا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ باردانہ حاصل کرنے والے کسانوں سے رابطہ میں رہیں۔ اس سے قبل ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے بریفنگ دی۔