لالہ موسیٰ(محمدکامران) ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ ڈینگی سیزن کا آغاز ہو چکا ہے، شہریوں کو آگاہی کے لیے 22 مئی کو ڈینگی ڈے منایا جائے گا،رواں سال ڈینگی کنفرم کیسز میں اضافہ کے رجحان کے پیش نظر تمام محکموں کو الرٹ،سرویلنس کا عمل تیز کر دیا گیا ہے، خیالات کا اظہار انہوں نے انسداد ڈینگی ڈے کے حوالے تفصیلات بتاتے ہوئے کیا، اے ڈی سی جی افضل حیات، ایم ایس عزیز بھٹی شہید ہسپتال ڈاکٹر عابد محمود غوری، ڈی ایچ او ڈاکٹر ایاز ناصر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ رواں سیزن کے آغاز میں ہی تین افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہو چکی ہے، ابتدائی اعداد و شمار سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ رواں برس ڈینگی کیسز میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 22 مئی کو ڈینگی ڈے کے موقع پر تمام سرکاری محکموں کے ضلعی سربراہان دفاتر کی صفائی کا کام اپنی نگرانی میں مکمل کرائیں گے اسی طرح شہریوں کو بھی آگاہی فراہم کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے کہا کہ وہ اپنے گھروں میں صفائی یقینی بنائیں، گھروں میں فریج ٹرے، گملوں، برتنوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں اسی طرح گھروں میں پڑے پرانے ٹائر بھی تلف کر دیے جائیں۔ انہوں نے شہریوں سے کہا کہ ڈینگی سرویلنس کے لئے آنیوالی ٹیموں سے بھرپور تعاون کیا جائے۔