لالہ موسیٰ(محمدکامران) شہریوں کو تفریح کی بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے 150 ملین روپے لاگت سے پبی نیشنل پارک کے منصوبہ پر ابتدائی کام شروع کر دیا گیا، پراجیکٹ 2023 تک مکمل ہوگا، یہ تفصیلات ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ کی زیر صدارت اجلاس میں بتائی گئیں، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر بٹ، فارسٹ ڈیپارٹمنٹ کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے بتایا کہ 38047 ایکڑ رقبہ پر مشتمل پبی فارسٹ کو مارچ 2019 میں نیشنل پارک کا درجہ دے دیا گیا ہے، منصوبے کا مقصد شہریوں کے لیے تفریح کی سہولیات کی فراہمی کیساتھ بنجر زمین کی بحالی، پبی جنگل میں درختوں کی تعداد میں اضافہ، وائلڈ لائف کی افزائش اور حفاظت، بارش کے پانی کا بہتر استعمال ہے۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ کے پہلے سال پبی میں جھیل کی بحالی، 16 تالابوں کی بحالی اور تفریحی ایریا پر کام کیا جائے گا، پارک میں جنگلی حیات کا تحفظ یقینی بنانے کے لئے سیاحوں کے لیے حدود متعین کی جائیں گی اور کسی کو ممنوعہ ایریاز میں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پارک میں ڈرائیو تھرو، ویو پوائنٹ، کیمپنگ سائٹ اور دیگر تفریحی سہولیات کی فراہمی سے علاقہ میں سیاحت کو فروغ ملے گا.