فرانس(حمید چوہدری سے) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایفل ٹاور کے سامنے ملت تشیع کے روحانی پیشوا و قائد آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کی کال پر سعودی عرب کے مقدس شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں مدفون اسلام کے عظیم ہیروز رسول اکرم ؐ کے اہلبیت اطہار ؑ،صحابہ کبار ؓ،امہات المومنین ؓ،اجداد رسول ؐ اور دیگر بزرگوں کے مزارات کی مسماری کے 8شوال1926کے عظیم سانحے پر زبردست ماتمی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت علامہ مرتضیٰ علی حیدری، حسن ملک تنویر، سید رحمت علی جعفری، واحد حسین جعفری و دیگر رہنماؤں نے کی۔ مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر اسلامی آثار کی بے حرمتی کی مذمت اور انکی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے مطالبات درج تھے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ٹی این ایف جے فرانس کے صدر علامہ مرتضیٰ علی حیدری نے کہا کہ تمام مہذب قومیں اپنے ہیروز کے نشانات کو نہ صرف باقی رکھتی ہیں بلکہ انکے کارناموں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے انکی یاد مناتی ہیں مگر شرم اور افسوس کا مقام ہے کہ آل سعود نے اپنے ہی محسنوں اور ہادیان دین کے مزارات کو نہ صرف بلڈوزر چلا کر زمین بوس کردیا بلکہ آج تک وہ حسرت و یاس کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مسلمان حکومتیں خود اسلام کے مشاہیر کی توہین کریں گی تو وہ بیت المقدس اور بابری مسجد کیلئے کس منہ سے آواز اٹھا سکتی ہیں؟ انہوں نے حقوق بشر کے اداروں اور آثار قدیمہ کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مزارات کی ازسر نو تعمیر کیلئے حکومت سعودی عرب پرسفارتی دباؤ ڈالیں۔ بزرگ رہنماء سید رحمت علی جعفری نے یوم انہدام جنت البقیع کی تحریک کو عالمگیر سطح پر اجاگر کرنے پر قائد ملت جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی سالہالہ سال سے جاری کوششیں ضرور رنگ لائیں گی اور وہ دن ضرورآئے گا جب روضہ بتول ؑ دیگر بزرگان دین کے مزارات کیساتھ تعمیر ہوگا اور حضور اکرم ؐ کے جوار میں انکی اولاد،ازواج مطہرات اور صحابہ کبار کے مرقد جگمگائیں گے۔انہوں نے عرب لیگ،او آئی سی اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلام کے عظیم ہیروز کے آثار کی بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ مظاہرین سے خطاب میں واحدحسین جعفری نے کہا کہ جنت البقیع میں مدفون ہستیاں انسانیت کی محسن ہیں اور دنیا سے انتہاپسندی کے خاتمے کے لئے اسلام کے ان ہیروز کے مزارات کی تعمیر لازم ہے۔ جو قومیں اپنے محسنوں کو اپنے اسلامی ہیروزکو بھول جاتیں ہیں وہ قومیں صفحہ ہستی سے مٹ جاتی ہیں انہوں نے مزید کہا کہ جب تک رسول خدا کی بیٹی، امہات المومنین اور صحابہ کبار کے مزارات تعمیر نہیں ہوتے عالم اسلام سراپا احتجاج رہے گا۔ اس موقع پر حسن ملک تنویر نے بتایا کہ ٹی این ایف جے فرانس جنت البقیع کو تحفظ آثار قدیمہ کے عالمی ادارے یونیسکو کے ایجنڈے پر لانے کے لیے سرگرم ہے اور اس سلسلے میں عشرہ صادق آل محمد کے موقع پر ایک یاداشت بھی عالمی ادارے کو پیش کی جائے گی۔ اس پر امن مظاہرے میں مرکزی ماتمی سنگت سپاہ عباس پیرس کے رہنما ؤں نے خصوصی طورشرکت کی۔اس موقع پر نوحہ خواں ملک محسن ساجدرکن،ملک میثم ساجد رکن،ملک جواد حسین،ملک احمد حسین نے مرثیہ خوانی جبکہ ماتمی دستہ سپاہ عباس پیرس نے پرسہ بحضور جناب خاتون جنت پیش کیا۔
مظاہرے کے اختتام پر کرونا کی عالمی وبا کے خاتمے اور فلسطینی حریت پسندوں کی لہو رنگ تحریک کی کامیابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔