کھاریاں ( جبار ساگر) چوہدری رضوان مختار واہل علاقہ کے زیرِ اہتمام اپنی مدد آپ کے تحت گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول نگڑیاں تحصیل کھاریاں کی بلڈنگ کی ازسر نو تعمیر کے بعد افتتاحی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر مُحمد سیف انور جپہ اور ایم پی اے میاں مُحمد اختر حیات نے 38 لاکھ روپے لاگت سے مکمل ہونے والے منصوبے کا افتتاح کیا، اے سی کھاریاں خالد عباس سیال، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن چوہدری اورنگزیب، چوہدری ضیاء محی الدین (سکائی ویز گروپ)، چوہدری قمر شریف (ٹیولپ ہوٹل)، چوہدری ظہیر اصغر کائرہ، چوہدری ناصر احمد چھپر، چوہدری فیصل مجید، چوہدری شاہد بشیر ایڈووکیٹ، چوہدری علی احمد طاہر چیئرمین، چوہدری اویس عالم، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران کھاریاں یاسین وڑائچ، عطیہ ارشد ملک، سکول کونسل کے متحرک رکن رضوان جاوید اور ممبران بھی موجود تھے۔ گورنمنٹ پرائمری سکول نگریاں کی عمارت کو خطرناک قرار دیا گیا تھا، سکول کونسل کے ممبر رضوان جاوید اور انکے دیگر ساتھیوں نے اپنی مدد آپ کے تحت سکول میں چار نئے کمرے، سکول کی چار دیواری تعمیر کی ہے اور خوبصورت پودے بھی لگائے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے خطاب کرتے ہوئے رضوان جاوید اور سکول کونسل کے ممبران کے جذبہ کو زبردست سراہا اور کہا کہ ضلع گجرات کے صاحب ثروت افراد فلاحی منصوبوں میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، خصوصا تعلیم اور صحت کے شعبہ جات میں انکی خدمات ہر لحاظ سے مثالی اورقابل تقلید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول نگریاں میں نئے بلاک کی تعمیر سے اساتذہ کرام اور طالبات کیلئے سہولیات میں اضافہ ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا کہ جن علاقوں میں حکومتی فنڈز سے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے وہاں کے شہری ان کی اونر شپ لیں، منصوبہ جات کی نگرانی کریں اور اگر کسی منصوبہ بارے شکایات یا تحفظات ہوں تو فوری انہیں آگاہ کیا جائے تاکہ سرکاری وسائل کا درست استعمال یقینی بنایا جاسکے۔ ایم پی اے میاں اختر حیات نے رضوان جاوید اور سکول کونسل کے دیگر ممبران کے جذبہ خدمت کو زبردست سراہا اور کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے وژن کے مطابق پنجاب حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے، مخیر حضرات شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کیلئے حکومت کا دست و بازو ہیں۔