روشن ڈیجیٹل اکاونٹ حکومت پاکستان کا دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کےلیے متعارف کردہ ایک بہترین بنک اکاؤنٹ سسٹم ہے. یہ اکاونٹ مکمل طور پر آن لائن ہوتا ہے جسے آپ موبائل ایپلیکیشن کے زریعے استعمال کر سکتے ہیں. اکاونٹ کھولنے کے لیے کسی بھی برانچ جانے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ دنیا کے کسی بھی ملک سے آن لائن اپلائی کرکے اپنا اکاونٹ کھول سکتے ہیں. پاکستان کے تقریباً تمام بڑے بینک اسکی سہولت فراہم کر رہے ہیں.
اس اکاؤنٹ کو استعمال کرتے ہوئے آپ بیرون ملک سے اپنی رقم اس میں جمع کروا سکتے ہیں اور پاکستان سمیت دنیا بھر سے اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے نکال بھی سکتے ہیں. اس اکاؤنٹ میں آپ رقم ڈالر، درہم اور پاکستان کرنسی کی صورت میں رکھ سکتے ہیں. آپ کا پیسہ اپنے ملک میں محفوظ ہے جس کا فائدہ آپ کو بھی ہے اور آپکے ملک کو بھی ہے .چیک بک اور اے ٹی ایم بینک آپکو فری فراہم کرے گا اسکے علاوہ اس اکاؤنٹ سے بینک میں ٹرانزیکشن بالکل فری ہیں
روشن ڈیجیٹل اکاونٹ میں کرنٹ، پرافٹ اور اسلامک بینکاری کا آپشن بھی موجود ہے اور آپ اسکے علاوہ نیا پاکستان سکیم میں سرمایہ کاری بھی کر سکتے ہیں. اسکے علاوہ یوٹیلیٹی بلز ٹیکس چالان وغیرہ سب کچھ آپ بآسانی ملک سے باہر بیٹھ کر بھی ادا کر سکتے ہیں.
طریقہ کار اور ضروری کاغذات.
اکاونٹ کے لیے اپلائی کرنے سے قبل یقینی بنائیں کہ مندرجہ ذیل کاغذات سکین کیے ہوئے پی ڈی ایف فائل کی صورت میں میں آپ کی ڈیوائس میں موجود ہونے ہیں.
1. پاکستانی شناختی کارڈ کی دونوں اطراف
2. آپکا پاسپورٹ سائز فوٹو
3. سادہ کاغذ پر اپکا دستخط
4. پاسپورٹ کا پہلا صفحہ اور ایگزٹ سٹیمپ والا صفحہ
5. ویزہ کاپی
6. سیلری سلپ
7. اگر آپ بزنس مین ہیں تو اپنے رجسٹرڈ بزنس کا ثبوت.
جس بھی بینک میں آپ اکاونٹ کھولنا چاہتے ہیں اسکی ویب سائٹ پر جائیں اور وہاں روشن ڈیجیٹل اکاونٹ کے آپشن پر کلک کریں. اپنی معلومات انٹر کریں. اپنی کرنسی سلیکٹ کریں اور اکاؤنٹ ٹائپ سلیکٹ کریں یعنی کرنٹ یا پرافٹ.
اسکے بعد تمام ڈاکومنٹ کی پی ڈی ایف فائل آپ لوڈ کریں. تین ورکنگ دنوں میں آپ کو ای میل موصول ہوجائے گی کہ اپکا اکاونٹ اوپن ہوچکا ہے اور آپکو آپ کا اکاؤنٹ نمبر بھی مل جائے گا. اسکے بعد آپ کو مزید دو تین دن انتظار کرنا ہوگا جس کے بعد آپ کو موبائل ایپ کا یوزر نیم اور پاس ورڈ موصول ہوگا. پہلی مرتبہ آپ کو وہی استعمال کرکے ایپ میں لاگ ان ہونا ہوگا اسکے بعد آپ مرضی کا پاسورڈ سیٹ کر سکتے ہیں. یہاں آپ کو دو پاسورڈ سیٹ کرنے ہونگے ایک ایپلیکیشن کا پاسورڈ اور دوسرا آپکا ٹرانزیکشن پاسورڈ ہوگا. دونوں الگ الگ رکھیں. اب کسی بھی ملک سے اپنے اکاؤنٹ میں رقم جمع کروائیں اور پاکستان میں وصول کریں.
نوٹ. اس اکاؤنٹ میں آپ پاکستان سے پیسے جمع نہیں کرسکتے. صرف نکال سکتے ہیں جمع کرنے کی سہولت باہر کسی بھی ملک کے لیے ہے.