سرائے عالمگیر (محمد اسماعیل چوہدری ) تھانہ صدر سرائے کے علاقہ کھمبی سٹاپ پر اے ٹی ایم مشین سے رقم نکلوانے آئے شہری کے ساتھ 2 لاکھ 64 ہزار روپے کی واردات ہوئی۔جس پر تھانہ صدر سرائے عالمگیر میں مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کر دی گئی۔وقوعہ کی اطلاع ڈی پی او گجرات عمر سلامت کو دی گئی جنہوں نے ڈی ایس پی سرائے عالمگیر سرکل سعید احمد کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ صدر سرائے عالمگیر انسپکٹر لیاقت علی، انچارج چوکی کھوہار ASIسرفراز سرور اور دیگر ملازمان پر مشتمل ٹیم تشکیل دیکر اس واردات میں ملوث ملزمان کو ٹریس کر کے جلد گرفتار کرنےکی ہدائیت کی۔ایس ایچ او تھانہ سرائے عالمگیر اور انکی ٹیم نے شب و روز محنت کر کے جدید ٹیکنالوجی اور محکمانہ وسائل کو بروئے کار لاکر واردات میں ملوث 2ملزمان کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ہونے والے ملزمان میں 1۔قدیر عباس ولد اسلم سکنہ بانیاں 2۔توصیف عباس ولد الطاف سکنہ بانیاں شامل ہیں۔جنہوں نے دوران انٹیروگیشن انکشاف کیا کہ وہ اس سے قبل ATMکارڈز ہیک کرنے کی وارداتیں بھی کر چکے ہیں،وہ مختلف بنکوں کی ATMمشینوں میں داخل ہو کر کارڈ ڈالنے والی جگہ پر خفیہ کیمرے اور اپنا بکس لگادیتے جونہی کوئی ATMصارف مشین سے پیسے نکالنے کے لئے داخل ہو کر اپنا کارڈ ڈالتا تو وہ ہمارے لگائے گئے بکس میں چلا جاتا جبکہ خفیہ کیمرہ اسکی جانب سے درج کئے کوڈ کو محفوظ کر لیتا اور اس کے جانے کے بعد ہم ATMمیں داخل ہوکر اپنی شناخت چھپانے کے لئے بنک کے لگے ہوئے کیمرا پر سپرے کردیتے جس کے بعد مشین میں سے کارڈ نکال لیا جاتا بعدازاں گجرات یا کسی دوسرے شہرجا کر کارڈ کے ذریعے رقم نکال لیتے۔ملزمان نے اعتراف جرم کرتے ہوئے مزید انکشاف کیاکہ ہم اس ATMمشین پر بھی ہیک کئے گئے کارڈ کے ذریعے رقم نکلوانے آئے تھے اور شہری کا روپوں سے بھرا بیگ دیکھ کر اس کے ساتھ واردات کر لی اور رقم لے کرفرار ہوگئے۔
ملزمان کے قبضہ سے 1عدد لیپ ٹاپ، مشین پر لگانے والا بکس، خفیہ کیمرہ، میموری کارڈز، USB، فنگر پرنٹ لفٹنگ ٹیپ، سپرے، کٹر، 1عدد رائفل 223بور اور 1عدد رائفل 7MMبھی برآمد ہوئی۔ملزمان کی مزید تفتیش جاری ہے۔